اردو کو وہ مقام نہیں دیا گیا جس کی دستوری طور پر یہ مستحق تھی، منعم ظفر خان

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ ادیب اور شاعر کسی بھی معاشرے کا حساس طبقہ ہوتا ہے اور اپنے مشاہدات اور احساسات کو قلم بند کرکے ذہنوں کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی کے تحت جمعیت الفلاح اور اردو باغ کے اشتراک سے منعقدہ محفل مشاعرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تحریک کوجلا بخشنے اور اسے کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لئے شاعر اور ادیب کا کردار مسلمہ ہے۔ آج اس مشاعر ے میں بڑا خوبصورت کلام سننے کا موقع ملا ہے، شعر فہمی ہماری تہذیبی و ثقافتی ضرورت ہے، اردو پاکستان کی قومی زبان ہے لیکن افسوس آج تک اردو کو وہ مقام نہیں دیا گیا جس کی دستوری طور پر یہ مستحق تھی اردو نے تحریک پاکستان میں رابطوں کے لئے بڑا اہم کردار ادا کیا تھا اور کوئی قوم اپنی زبان کو چھوڑ کر ترقی نہیں کرسکتی۔

ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے ہم معاشرے میں پھیلی ہوئی تلخیوں کو کم کرسکتے ہیں۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کے نقشہ پر ایک اسلامی فلاحی ریاست کی حیثیت سے وجود میں آیاتھالیکن اس پر چند خاندانوں نے قبضہ کر لیا اور یہ مٹھی بھر اشرافیہ پاکستان کے وسائل کو اپنے ذاتی مفادات میں استعمال کر رہی ہے اور عوام کے مفاد ات اور مسائل و مشکلات کا ان کو کوئی احساس بھی نہیں ہے۔ہم پاکستان کے ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو تحریک تکمیل پاکستان میں شامل کر کے ایک مضبوط ،مستحکم اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ مشاعرے میں انور جاوید، انور انصاری، اعجاز رحمانی اور دیگر شعرا نے اپنے کلام پیش کئے۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320