امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلا رہا ہے، حافظ سعید

Hafiz Saeed

Hafiz Saeed

کراچی (جیوڈیسک) جماعة الدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں ڈرون حملوں کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ ملکی سلامتی کو درپیش خطرات پر کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرسکتے۔ پاکستان میں مزید امریکی حملوں کی دھمکی کے خلاف مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر ملک گیر تحریک چلائیں گے۔

ایران میں سہ فریقی معاہدہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف گریٹ گیم کا حصہ ہے۔ بھارتی ایجنسی را کے بلوچستان اور گلگت بلتستان میں منصوبے ناکام ہوچکے ہیں۔ افغانستان انڈیا کی جاگیر نہیں، وہ خطے میں اپنی تھانیداری کا خیال ترک کردے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرﺅف، جماعة الدعوة کراچی کے مسﺅل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی محمد یوسف طیبی، فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے وائس چیئرمین و کراچی کے انچارج شاہد محمود نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں شہر بھر سے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعیدنے اپنے خطاب میں کہاکہ امریکا افغانستان میں اپنی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کو ہدف بناکر نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔بھارت و امریکہ نے پاکستان کو خصوصی ہدف بنا رکھا ہے۔ بلوچستان میں امریکی ڈرون حملہ پاکستان کی سلامتی وخودمختاری پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان اور گلگت بلتستان میں انتشار پھیلاکر اقتصادی راہداری کو ناکام بنانے کی کوششیں کر رہا تھا، لیکن وہ اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہوچکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہ چاہ بہار میں میں بھاری سرمایہ لگاکر پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے لیکن بھارت یاد رکھے کہ وہ اپنے ان منصوبوں میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ صدر اوباما کی مزید حملوں کی دھمکی کے خلاف تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملاکر پاکستان کے دفاع اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔