امریکی طیاروں نے روسی طیاروں کو روک دیا، ہم ملکی فضائی حدود کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں: امریکہ

Pentagon

Pentagon

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی جیٹ طیاروں کی طرف سے روسی بمبار طیاروں کے خلاف حفاظتی تدبیر ۔۔۔ اطلاع کے مطابق دو امریکی F-22 ریپٹر جنگی طیاروں نے الاسکا کے جوار میں دو روسی TU-95 بمبار طیاروں کی پرواز میں مداخلت کر کے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔

امریکی وزارت دفاع پینٹا گون کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق روسی طیاروں کو الاسکا کے علاقے میں امریکی فضائی حدود کی طرف بڑھنے کی وجہ سے روکا گیا ہے۔

پینٹاگون پیسیفک فورسز کمانڈ آفس کے ترجمان میجر گیرے راس نے کہا ہے کہ روسی طیاروں کو روکنے کا واقعہ سوموار کے روز الاسکا کے جزیرے کوڈیاک سے 160 کلو میٹر دُور پیش آیا ہے۔

راس نے طیاروں کے درمیان کوئی مواصلاتی رابطہ نہ ہونے کا ذکر کیا اور کہا کہ شمالی امریکہ ائیر ڈیفنس کمانڈ آفس شمالی امریکہ کی فضائی حدود پر بغور نگاہ رکھے ہوئے ہے اور ملکی فضائی خود مختاری کی ضمانت کے لئے اور فضائی حدود کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

واضح رہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے جولائی 2015 کو بھی کیلیفورنیا کے کھلے سمندر میں امریکی فضائی حدود سے قریب آنے والے روسی جنگی طیاروں کا روکا تھا۔