اپنا اینڈروئیڈ اپ ڈیٹ کریں اور پیزا کا تحفہ حاصل کریں

pizza,

pizza,

انڈیا (جیوڈیسک) سام سانگ نے اپنے صارفین کےلیے ایک دلچسپ اسکیم متعارف کرائی ہے جس میں آپ اپنے اینڈروئیڈ ورژن کو اپ گریڈ کرنے پر پیزا کا تحفہ حاصل کرسکتے ہیں۔

اینڈروئیڈ صارفین اپ گریڈ کو ہمیشہ ٹالتے رہتے ہیں۔ اینڈروئیڈ کا تازہ ورژن 7 سے 800 ایم بی سائز کا حامل ہوتا ہے جسے ڈاؤن لوڈ کرنا تو ایک مسئلہ ہوتا ہی ہے لیکن اسے انسٹال کرنے کے لیے بھی کافی وقت درکار ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صارفین اس اپ ڈیٹ کرنے سے کتراتے رہتے ہیں۔ اینڈروئیڈ ڈیوائس کا بڑی تعداد میں پرانے ورژن کا استعمال کرنا بہت بڑا سکیورٹی خطرہ ہوتا ہے جو اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی اور اینڈروئیڈ کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔

سام سنگ نے انڈیا میں موجود اپنے صارفین کو اینڈروئیڈ اپ گریڈ کرنے کی جانب راغب کرنے کے لیے پیزا کا تحفہ دینا شروع کر دیا ہے۔ سام سنگ کے اسمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین کو یہ پیغام مل رہا ہے کہ اگر وہ اپنا اینڈروئیڈ ورژن اپ گریڈ کریں تو پیزا خریدنے کے لیے 20 فیصد کا رعایتی کوپن انہیں مفت ملے گا اور وعدے کے مطابق اینڈروئیڈ اپ گریڈ کرتے ہی سام سنگ انہیں کوپن دے بھی رہا ہے۔

پچھلے ہی دنوں گوگل نے اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں کو اینڈروئیڈ کی اپ گریڈ تاخیر سے جاری کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا تھا اور فیصلہ کیا تھا کہ اگر وہ یہ کام درست طریقے سے انجام نہیں دے سکتیں تو گوگل کو اینڈروئیڈ اپ گریڈ جاری کرنے کا اختیار سونپ دیں۔ شاید گوگل کا یہ حربہ کام کر گیا ہے اور اب کم از کم سام سنگ نے اپنے صارفین کو تیزی سے اینڈروئیڈ کے تازہ ورژن پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔