عزیر کی گرفتاری چوہدری نثار کیخلاف بیانات کا ردعمل تو نہیں، نثار کھوڑو

Nisar Khuhro

Nisar Khuhro

کراچی (جیوڈیسک) وزیر تعلیم سندھ نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ لیاری گینگ وار کے سربراہ عزیر بلوچ کی گرفتاری کہیں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خلاف بیانات کا ردعمل تو نہیں۔ جبکہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ عزیر بلوچ کو آج بھی اپنا بھائی سمجھتا ہوں۔ چوہدری نثار محب وطن شہری ہیں اور وہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔

کراچی میں گرلز کالج کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عزیر بلوچ کی گرفتاری سے متعلق پوچھے گئے سوال پرنثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پوچھا جائے کہ عزیر بلوچ اب تک کس کے پاس تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سندھ کے لئے پہلے بھی تکالیف برداشت کیں اور آئندہ بھی کریں گے۔عزیر بلوچ سے متعلق سوالات پر نثار کھوڑو جھنجلا اٹھے اور لاتعلق کا اظہار کرگئے۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ امن کمیٹی پیپلز پارٹی کی حکومت آنے سے قبل بھی موجود تھی، یہ ہمیں ورثے میں ملی تھی۔

ذوالفقار مرزا نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ عزیر بلوچ زندہ سلامت ہے اسے بابا لاڈلا کی طرح کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا، عزیر بلوچ کو آج بھی اپنا بھائی سمجھتا ہوں۔

ذوالفقار مرزا نے مزید کہا کہ ابھی ان کی گرفتاری ظاہر کی گئی ہے جب ان کے بیانات سامنے آئیں گے تو پھر بہت سے لوگ جو ملک سے باہر بھاگ گئے ہیں انھیں واپس لانے کا سامان ہوگا۔ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ عزیر بلوچ کی گرفتاری سے پیپلز پارٹی کو کسی قسم کے خدشات لاحق نہیں ہیں۔