ویرات کوہلی کو انڈین کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا

Virat Kohli

Virat Kohli

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کو ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ کوہلی اب انگلینڈ کیخلاف ہونے والی ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز میں انڈین ٹیم کی کپتانی کا آغاز کریں گے۔

خیال رہے کہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں کپتانی چھوڑنے کے بعد انہیں یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ٹیم میں دھونی بھی موجود ہیں تاہم اب وہ کپتان کے طور پر نہیں بلکہ ایک کھلاڑی کے طور پر میدان میں اتریں گے۔ انڈین ٹیم میں عرصہ کے بعد اب آل راؤنڈر یووراج سنگھ کی بھی واپسی ہوئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالنے والے ویرات کوہلی نے دھونی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ ان کے کپتان رہیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک پیغام میں کوہلی نے لکھا کہ ہمیشہ ایک ایسا کپتان رہنے کے لئے شکریہ جیسا کہ نوجوان کھلاڑی چاہتے ہیں، آپ ہمیشہ میرے کپتان رہیں گے دھونی بھائی۔ واضح رہے کہ مہندر سنگھ دھونی نے اچانک ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر کے سب کو چونکا دیا تھا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ویرات کوہلی کا شمار دنیا کے صف اول کے بلے بازوں میں ہوتا ہے۔ بعض ناقدین انھیں سچن ٹنڈولکر سے بھی بڑا بلے باز قرار دیتے ہیں۔ 5 نومبر 1988ء کو پیدا ہونے والے ویرات کوہلی نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی فارمیٹس میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کوہلی نے اب تک ٹیسٹ میچوں میں 4209، ون ڈے میچوں میں 7570 اور ٹی ٹونٹی میچون میں 1657 رنز بنا چکے ہیں۔