وولٹیج کی کمی بیشی، ٹرپنگ خالق نگر میں عوام کی قیمتی اشیاء جل کر خاکستر

Lahore

Lahore

لاہور : لیسکو سب ڈویژن صوفیہ آباد کے علاقے خالق نگر میں گزشتہ کئی ہفتوں سے بجلی کے کم وولٹیج آنے اور بعض اوقات انتہائی ذیادہ وولٹیج کے آنے کی وجہ سے عوام کی گھریلو قیمتی اشیاء جل کر خاکستر ہونے لگیں،تفصیلات کے مطابق سب ڈویژن صوفیہ آباد کے علاقہ خالق نگر میں بجلی کی بار بار ٹرپنگ،وولٹیج کی کمی بیشی معمول بن گئی،متعلقہ سب ڈویژن کے لائن سپریٹنڈنٹ شفیق سے اہل علاقہ نے متعددبار رابطہ کیا لیکن لائن سپریٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمر کا کام ہونے والا ہے جس کی وجہ سے آئے روز بجلی کے وولٹیج میں کمی بیشی ہوتی رہتی ہے،اگر اہل علاقہ مل کر رقم مجھے دیں تو ان کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

اہل علاقہ خالق نگر نے کئی بار واپڈا کے ملازمین کو شکائت درج کروائی لیکن مسئلہ جوں کا توں ہی رہا،جس کی وجہ سے علاقے میں بجلی کے ڈیجیٹل میٹروں کے جلنے کی شکائت بھی عام ہونے لگی،جس کی تبدیلی کا بوجھ بھی صارف کو برداشت کرنا پڑتا ہے،لائن لاسزپورے کرنے کے لئے صارفین کو اوورریڈنگ ڈالنا یا ڈیڈکشن بل سے علاقہ مکینوں کا جینا محال ہوچکا ہے، خالق نگر کی عوام گزشتہ کئی ہفتوں سے بجلی کی آنکھ مچولی اور وولٹیج کی کمی بیشی کے عذاب میں مبتلا ہے،کم زائد وولٹیج ہونے سے گھروں کا قیمتی سامان جس میں پنکھے،فریج ،ٹی وی کمپیوٹرزودیگر اشیاء خراب ہورہی ہیں،خالق نگر کی عوام کا چیف ایگزیکٹولیسکوسے ایس ڈی او اور لائن سپریٹنڈنٹ سے بازپرس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔