ووٹ کی حیثیت شہادت کی سی ہے عوام درست استعمال کرے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ووٹ محض سیاسی ہار جیت اور دنیا کا کھیل نہیں بلکہ ایک شہادت ہے ، عوام اپنی شہادت کااستعمال نیک صالح اور قابل آدمی کے انتخاب کیلئے کرے،،شہر اس وقت بے شمار بلدیاتی مسائل سے دوچارہے ، ذاتی مفاد یا تعلق کی بنیاد پر کسی نااہل شخص کاانتخاب شرعا اور قانونادرست نہیں ہے اسی طرح کسی بھی طرح کے تعصب کی بنیاد پر اہل کے مقابلے نااہل شخص کا انتخاب گناہ کے ذمرے میں آتاہے،ووٹ اسلامی نقطہ نگاہ سے گواہی ہے اور گواہی میں کوتائی کی شرعا جرم ہے ، عوام آج مخلص افراد کا انتخاب کرکے کل کو بہتر بنائیں ،ذاتی مفاد اور تعصبات کی بنیاد پر کرپٹ افراد کا انتخاب کسی بھی معاشرے کیلئے تباہی وبربادی کا سبب بنتا ہے۔

جمعہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ووٹ کی شرعی حیثیت کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ ووٹ کی حیثیت گواہی ، سفارش اور حقوق مشترکہ میں وکالت کی سی ہے تینوں حیثیتوں میں جس طرح نیک، صالح، قابل آدمی کو ووٹ دینا موجب ثواب ہے اور اس کے ثمرات اس کو ملنے والے ہیں، اس طرح نااہل یا غیرمتدین شخص کو ووٹ دینا جھوٹی شہادت بھی ہے اور بری سفارش بھی اور ناجائز وکالت بھی جو بڑی تباہی کا باعث ہے ،جس کے برے اثرات معاشی ومعاشرتی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتے ہیں اورنامہ اعمال میں برائی بھی لکھ دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت شہر بلدیاتی مسائل سے دو چار ہے گٹر ابل رہے ہیں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں گزشتہ دس سالوںمیں عوام کو بلدیاتی سطح پر محرومی کا سامنا رہاہے اربوں روپے کا عوامی فنڈ ترقی کے بجائے سیاستدانوں کی تجوریوں کی نظر ہوتاہے اب عوام کو بلدیاتی انتخابات کے ذریعے موقع ملا ہے کہ وہ اپنے حلقوں میں تبدیلی لائیں ، انہوںنے کہاکہ ایسے میں عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انفرادی فوائد کے بجائے اجتماعی فوائد کو ترجیح دیتے ہوئے ملک وملت سے مخلص شخص کا انتخاب کریں تاکہ درپیش مسائل جلد ازجلد حل ہوں اور عوام کی محرومیوں سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں درست ووٹ کا استعمال ہی شہر کی تقدیر کو بدل سکتاہے ،اسلئے ضروری ہے کہ اہل اشخاص کو منتخب کیاجائے اقتدار و عہدہ اللہ تعالی کی دین ہیں اس کا غلط استعمال کرنے والوں کو کبھی اللہ معاف نہیں کریں گے اس لیے اس امانت کو اہل لوگوں کے سپرد کیاجائے نااہل سیاستدانوں کی غلطیوں کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑھتاہے،انہوں نے کہاکہ ماضی کے تجربات ہیں کہ سیاستدان انتخاب سے قبل عوام الناس کے ساتھ جھوٹے وعدے کرتے ہیں جب اقتدار ملتاہے تو وہ عوام کو بھول جاتے ہیں جس کاخمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتاہے،انہوںنے کہاکہ ایک شخص کے ووٹ غلط دینے سے پوری حلقے یا پورے ملک پر غلط اثر بڑھتاہے ،مفتی محمد نعیم۔مفتی محمد نعیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آج عوام اپنے حق رائے دہی کو درست استعمال کرکے اپنے کل کو بہتر بنائیں۔