اجرت میں اضافہ کے سلسلہ میں صدر بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن جھنگ سرور کمال گجر کے بھٹہ پر اہم اجلاس

Jhang Meeting

Jhang Meeting

جھنگ (نامہ نگار) لیبر قومی موئومنٹ کے زیراہتمام بھٹہ مالکان اور مزدوروں کے مابین اجرت میں اضافہ کے سلسلہ میںصدر بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن جھنگ سرور کمال گُجر کے بھٹہ پر اہم اجلاس ہوا۔

جس میں مالکان کی جانب سے سرور کمال گُجر ، مہر سرور نول ، لیبر ڈیپارٹمنٹ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہر محمد ڈب، لیبر قومی موئومنٹ کے مرکزی چیئرمین بابا عبدالطیف انصاری، ضلعی صدر چوہدری تنویر احمد ،مزدوروں کی جانب سے صدر بھٹہ مزدور ایسوسی ایشن جھنگ شوکت علی اور خواتین کی صدر رانی بی بی سمیت کثیر تعداد میں بھٹہ مزدور شامل تھے۔

اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے صدر بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن جھنگ سرور کمال گُجر نے کہا کہ مالک اور ملازم کا اہم رشتہ ہے ہم مزدوروں کے حقوق کو کبھی پامال نہیں کریں گے ہم بغیر کسی احتجاج کے خوش اسلوبی کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے مزدور کی فی ہزار اینٹ اُجرت میں 7.70 فیصد اضافہ کیا گیا ہے مگر میں اعلان کرتا ہوں کہ مزدور کی اُجرت میں7.70کی بجائے10فیصد اضافہ کیا جاتا ہے اور یہ اضافہ یکم جنوری 2017ء سے کیا گیا ہے۔

سرور کما ل گُجر نے کہا کہ ہم مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کے سلسلہ میں سکول کیلئے جگہ دے کر بلڈنگ بھی تیار کر کے دینے کو تیار ہیں انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں کیلئے ڈسپنسری فیصل آباد روڈ یا چنیوٹ روڈ پر قائم کی جائے تاکہ مزدور اُس سے استفادہ حاصل کر سکیں اس موقع پرلیبر قومی موئومنٹ کے مرکزی چیئر مین بابا عبدالطیف انصاری نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمہ اور بچوں کو تعلیم دینے کیلئے بیرونِ ملک سے283ملین روپے آئے مگر صرف سروے کرنے پر ہی 5کروڑ لگا دیئے گئے۔

جبکہ جو رقم بچوں کے نام پر آئی ہے وہ بچوں کی تعلیم پر ہی خرچ ہونی چاہیئے مگر یہاں پر نہ صرف سروے غلط کیا گیا اور جو کیا گیا اُس کی ادائیگی میں بھی مُبینہ طور پر ڈی سی جھنگ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن کی ملی بھگت سے صرف چند کو خدمت کارڈ جاری کیئے گئے بقایا بڑھے پیمانے پے کرپشن کی گئی ہے۔

جس کی کسی ایماندار آفیسر سے انکوائری کر کے ریکوری کی جائے اجلاس میں شریک افراد سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر جھنگ مہر محمد نواز ڈب، چوہدری تنویر احمدنے بھی خطاب کیا۔