واپڈا اور اسکی کمپنیوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف گیپکو واپڈا کے ملازمین نے احتجاجی مظاہرے

WAPDA Employees Protests

WAPDA Employees Protests

وزیرآباد (نامہ نگار) واپڈا اور اسکی کمپنیوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف واپڈا ہا ئیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یو نین کی کال پرریجن بھر میں گیپکو واپڈا کے ملازمین نے احتجاجی مظاہرے کیے۔

اس سلسلے میں گیپکو ڈویژن، علی پور چٹھہ، احمد نگر ، سٹی، نمبر٢ ، نظام آباد اور گکھڑ سب ڈویژنوں کے تمام ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کی اور دفا تر کی تالا بندی کر کے واپڈا ہا ئیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کے رہنمائوں کی قیادت میں گیپکو ہیڈ کوارٹرکے سامنے احتجاجی دھرنا دیا، اس مو قع پر رہنما ؤں نے خطاب کرتے ہو ئے حکومت سے کہا کہ وہ قومی اداروں کی نجکا ری سے باز آجائے ورنہ ملک بھر کے محنت کش سڑکوں پر آجا ئیں گے اور حکومت کے لیے مشکلا ت پیدا ہوجا ئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم واپڈا اور اسکی کمپنیوں کی کسی صورت نجکاری نہیں ہو نے دیں گے کیونکہ یہ لاکھوں مزدوروں کی زندگی و موت کا مسئلہ ہے ، اگر واپڈا یا اس کی کمپنیوں کی نجکا ری کر نے کی کوشش کی گئی تو ہم پورے ملک کی بجلی بند کردیں گے۔ انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیاں ، مزدور اور متوسط طبقے کے لیے زہر قاتل ہیں، واپڈا کی نجکاری سے بھوک، بیروزگاری اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوجائے گا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پہلے نجکاری کے عمل کو روک چکے ہیں۔

اب بھی اسے روکنے کیلئے ہر قسم کی قربانی دینگے۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے چہیتوں کو نوازنے کی خاطر قومی عزت غیرت کو دائو پر لگا رہے ہیں واپڈا جیسے قومی ادارے کی نجکاری سے کروڑوں عوام الناس چند خاندانوں کے مرہون منت ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط اور ہمارے حکمرانوں کی پالیسیاں دونوں اس ملک کی معیشت کیلئے تباہ کن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو بیچ کھانے کے ناپاک ارادے رکھنے والی حکومتیں دراصل ملک دشمنی کررہی ہیں۔ واپڈا کو نجکاری سے بچانے کیلئے پوری قوم کو ایک ہونا ہوگا۔