وقار یونس نے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور کپتان کی حکمت عملی کو شکست کی وجہ قرار دیدیا

Waqar Younis

Waqar Younis

لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے ایشیا کپ اور پھر ٹی ٹوئنٹی میں گرین شرٹس کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور کپتان کی حکمت عملی کو شکست کی وجہ قرار دے دیا۔

ہیڈ کوچ وقار یونس نے قومی ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے حوالے سے اپنی رپورٹ مرتب کر لی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لڑکوں کے لئے جو گیم پلان تیار کیا گیا تھا انھوں نے اس پر عمل درآمد نہیں کیا جب کہ کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار بھی بین الاقوامی معیار کا نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہد آفریدی میں قائدانہ صلاحیتوں کی کمی اور کھلاڑیوں سے رابطے کا فقدان ہے، وہ کئی اہم مواقعوں پر درست فیصلے نہیں کر پائے جس کی وجہ سے قومی ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، کرکٹ بہتر کرنے کے لئے سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وقار یونس نے اپنی رپورٹ میں ایک بار پھر عمر اکمل اور احمد شہزاد کے حوالے سے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں سے متعلق ایک سال قبل بھی پی سی بی کو سخت فیصلہ کرنے کا کہا تھا لیکن بورڈ نے اس حوالے سے کچھ بھی نہیں کیا جس کا نتیجہ ہمیں آج بھگتنا پڑ رہا ہے۔

وقار یونس منگل کو ہونے والے انکوائری کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کر کے اپنا موقف پیش کریں گے۔ اس انکوائری کمیٹی کے اجلاس میں وقار یونس کے علاوہ قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور منیجر انتخاب عالم بھی شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف، توصیف احمد، جلال الدین اور محسن خان کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ کرکٹ کی بہتری کے حوالے سے تجاویز سامنے آ سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات تک انکوائری کمیٹی کی رپورٹ تیار کر لی جائے گی اور اس بات کا امکان ہے کہ جمعہ کو چیرمین پی سی بی شہریار خان پریس کانفرنس کر کے بورڈ کی سفارشات کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ اور پھر ٹی ٹوئنٹئی ورلڈ کپ میں شرمناک کارکردگی کی تحقیقات کے لئے پی سی بی نے ایک 5 رکنی کمیٹی قائم کی ہے جو قومی ٹیم کی ناکامیوں کے اسباب جاننے کے علاوہ ان پر قابو پانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پی سی بی کو پیش کرے گی۔