مغرب تہذیبی جنگ کو سوشل میڈیا اور ملحدین کے ذریعے لڑ رہا ہے، مفتی محمد نعیم

 Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد ہٹانے کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ حکومت فی الفور عدالت کے حکم کی تکمیل کرے، آزادی اظہار رائے کے نام پر مقدس شخصیات اور مذہب کی توہین ناقابل برداشت ہے، مغرب تہذیبی جنگ سوسل میڈیا کے ذریعے لڑ رہا ہے، مسلم نوجوان سوشل میڈیا کے مثبت اور تعمیری استعمال کو فروغ دیں۔ منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ آئی ٹی اور سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے۔

مفتی محمد نعیم نے کہا کہ سوشل میڈیاتیزی سے ترقی کے منازل طے کر رہا ہے جہاں لوگوں تک اپنی آواز پہنچانے میں دن لگتے تھے آج سیکنڈ لگتے ہیں اسلام نے جدید علوم سے مستفید ہونے سے منع نہیں کیا ہے بلکہ حوصلہ افزائی کی ہے ، انہوں نے کہاکہ اسلام ہر چیز کو مثبت اور تعمیری استعمال کی اجازت دیتاہے اس لیے نوجوان سوشل میڈیا کے مثبت اور تعمیری استعمال کو یقینی بنائیں ، انہوں نے کہاکہ مغربی ایجنڈے کے مطابق پوری دنیا میں ملحدین اسلام کیخلاف سرگرم ہوچکے ہیں انٹرنیٹ کے ذریعے نو خیز ذہنوں میں زہر بھرا جارہاہے ، دوسری جانب اسی انٹرنیٹ کے ذریعے مسلم ممالک میں مسلمانوں کو باہم لڑانے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ مقدس شخصیات کو طعن وتشنیع کا نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے ، دور حاضر کے تمام تر فتنوں سے مقابلے کیلئے جدید علوم سے مستفید ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد ہٹانے کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ آزادی اظہار رائے کے نام پر ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دلآزاری کا سرٹیفکیٹ نہیں دیاجاسکتا ،توہین مذہب اور گستاخانہ مواد کیخلاف عالمی سطح پر اقدامات کرنے ہوں گے کیونکہ مغرب ملحدین کے ذریعے اسلامی تہذیب کیخلاف سرگرم عمل ہے مسلمانوں کیخلاف تہذیبی جنگ سوشل میڈیا کے ذریعے لڑی جارہی ہے جہاں مختلف لوگوں کو خرید کر ان کے ذریعے سے شعائر اسلام اور پیغمبر اسلام کی توہین کی جارہی ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے دلوں سے اسلام کی محبت اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو نکالنے کی مذموم کوشش ہے۔

انہوں نے کہاکہ باطل روز اول سے اسلام کیخلاف سرگرم ہے مگر اب وقت کے ساتھ ساتھ طریقہ واردات بدل کر ہماری ثقافت اور مذہب پر حملہ آور ہے وقت کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو بھی جدید اشیاء سے مکمل فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد ہٹانے کا حکم دیکر عوام کے دل جیتے ہیں یہ حکم قابل تحسین ہے حکومت فی الفور عدالتی حکم کی بجاآوری کیلئے اقدامات کریں۔