جنگوں سے تنگ گھر بار چھوڑنے والوں کی تعداد 6 کروڑ ہوگئی

Home Leave

Home Leave

نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں جنگوں، مسلح تنازعات اور ظلم و ستم سے بچنے کے لیے اپنا گھربار چھوڑنے والے افراد کی تعداد چھ کروڑ ہوگئی۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین یواین ایچ سی آر کے مطابق دو ہزار چودہ میں پناہ گزینوں کی تعداد میں تراسی لاکھ ریکارڈ اضافہ ہوا جس کی بڑی وجہ شام میں جاری خانہ جنگی ہے ۔ یواین ایچ سی آر کے سربراہ انٹونیو گوٹیرس کا کہنا ہے کہ دنیا ایک خراب جگہ بن چکی ہے ، کسی ادارے کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ دنیا کے مسائل حل کرسکیں۔

رپورٹ کے مطابق 2014 میں پناہ گزینوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر ساڑھے 42 ہزار افراد کا اضافہ ہوا جبکہ 2013 میں یہ تعداد 32 ہزار روزانہ تھی ۔ 2014 کے آخر تک ان افراد کی تعداد پانچ کروڑ 95 لاکھ ہوگئی جن میں سے نصف سے زیادہ بچے تھے۔

ان میں ایک کروڑ 95 لاکھ مہاجرین اور تین کروڑ 82 لاکھ اندرون ملک دربدر ہونے والوں کے علاوہ 18 لاکھ وہ لوگ بھی تھے جو غیر ممالک میں پناہ کی درخواستوں پر فیصلوں کے منتظر تھے۔

صرف شام میں گذشتہ سال دسمبر تک 39 لاکھ پناہ گزین اور 76 لاکھ اندرونِ ملک نقل مکانی کرنے والے افراد شامل ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق دنیا میں ہر ایک سو بائیس واں شخص مہاجر یا ملک بدر ہے۔