وسیم کو بھارت میں ایشین چیمپئن کی جھلک نظر آنے لگی

Wasim Akram

Wasim Akram

نئی دہلی (جیوڈیسک) وسیم اکرم کو بھارت میں ایشین چیمپئن کی جھلک دکھائی دینے لگی، انھوں نے ایشیا کپ اور پاکستان سے میچ میں دھونی الیون کو فیورٹ قرار دے دیا۔

ایک بھارتی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ بھارتی ٹیم فیورٹ جب کہ ہفتے کو شیڈول میچ میں بھی دھونی الیون کی کامیابی کا امکان زیادہ دکھائی دے رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین میچ ہو گا اور میں اس کا منتظر ہوں، جس انداز میں ابھی بھارتی ٹیم کھیل رہی ہے، اس کو واضح طور پر فیورٹ قرار دیا جاسکتا ہے۔

وسیم اکرم نے ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے رواں برس ٹورنامنٹ کے ٹوئنٹی 20 طرز میں انعقاد کے فیصلے کوسراہتے ہوئے کہا کہ رواں برس اس کا انعقاد مختصر ترین فارمیٹ میں ہونا خوش آئندہ اور ایشین کرکٹ کونسل کا منطقی فیصلہ ہے۔

3 ورلڈ ٹوئنٹی 20 چیمپئنز پاکستان، بھارت اور سری لنکا اس ٹورنامنٹ میں شریک ہیں جس سے جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے، بنگلہ دیش کی ٹیم بھی اپنے گراؤنڈز پر کافی سخت ثابت ہوتی ہے، اس سے یہ ایشیا کپ ایک مشکل ایونٹ ثابت ہوگا جس میں ٹیموں کو ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے اپنے کمبی نیشن کو حتمی شکل دینے میں کافی مدد ملے گی۔