پانی کا عالمی دن

World Water Day

World Water Day

تحریر:اختر سردار چودھری ،کسووال
لفظ پانی سنسکرت سے ماخوذ ہے، اسے انگریزی میں Water، آب (فارسی) یا ماء (عربی) میں کہا جاتا ہے یہ ایک بے رنگ، بے بو اور بے ذائقہ مائع ہے ۔ پانی نے کرہ ارض کے 70.9 حصے کو گھیرا ہوا ہے ۔ اسی طرح جاندار اشیاء بشمول انسان تقریبا 70 فیصد حصہ پانی پر ہی مشتمل ہے ۔پانی کی ٹھوس شکل برف۔ مائع سادہ پانی۔ گیس کی شکل میں بخارات اور اس کے علاوہ شبنم ،اوس ،بھاپ ،بارش وغیرہ ہے ۔پانی خدا تعالی کی وہ انمول نعمت ہے کہ جس کے بغیر زندگی کا تصور بھی محال ہے ۔ کرہ ارض پر مشرق و مغرب اور شمال سے جنوب تک رنگ بکھیرتی زندگی، زراعت، صنعت اور معیشت کے تمام شعبہ جات کا پہیہ اسی ایندھن یعنی ”پانی ”کی مرہون منت ہے، اسی کے دم سے زندگی رواں دواں ہے ۔پانی نہ صرف انسان بلکہ جانور ، پودے ،پھل پھول، فصلیں، اور زمینوں کے لئے انتہائی ضروری ہے۔پانی کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں ہے ۔”اللہ نے ہر جاندار کو پانی سے پیدا کیا ”القرآن کسی بھی ملک کی ترقی ،معاشرے کے افراد کی زندگی اور صحت کا دارومدار پانی پر ہے ۔بارش ،چشموں، ندی نالوں، اور دریائوں کے پانی کو کام میں لا کر یعنی اس سے فصلیں اگا کریابجلی بنا کر ترقی کر سکتا ہے ۔ہر ملک میں کئی محکمے اسی مقصد کے لئے کام کر رہے ہیں ۔

بارش گلشیئرز، دریا ، چشمے ، ندی نالے ، اور زیر زمین پانی،تقریبا ہر ملک کے پانی کے وسائل ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 93 ویں اجلاس منعقدہ 22 دسمبر 1992 کوایک قرار داد پر فیصلہ کرتے ہوئے ہر سال دنیا بھر میں 22 مارچ کو ورلڈ ڈے فار واٹر کے طور پر منانے کا فیصلہ ہوا اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے ماحولیات و ترقی کی تصدیق و تائید کے بعد 1993ء میں پہلی بار 22 مارچ کو پانی کا عالمی دن منایا گیا۔اس وقت دنیا بھر میں کم از کم 900 ملین سے زیادہ انسان ایسے ہیں، جنہیں پینے کے صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں ہے ۔ایشیا اور افریقہ میں تو کئی علاقے ایسے بھی ہیں جہاں خواتین و حضرات کو کسی بھی معیار کا پینے کا پانی حاصل کرنے کے لئے چھ سے آٹھ کلومیٹر تک پیدل چلنا پڑتا ہے ۔ پانی زندگی ہے، پینے کے پانی کی شہر میں لوگوں کو قدر نہیں حالانکہ وہاں بھی آلودہ پانی ملتاہے ۔ جبکہ دور دراز دیہات کے لوگ بوند بوند پانی کے لئے مارے مارے پھرتے ہیں، پاکستان زرعی، معدنی اور دیگر شاندار قدرتی خزانوں کی ساتھ ساتھ بہترین آبی وسائل سے بھی مالا مال ہے ۔اگر انہیں بروئے کار لایا جاتا تو پاکستان دنیا کا خوشحال ترین اور ترقی یافتہ ملک بن سکتا تھا ۔مگر افسوس کہ حکمران طبقے جن کو عوام ہی منتخب کرتی ہے کی خود غرضی کی وجہ سے وطن عزیز آج مختلف مسائل میں گھرا ہوا ہے ۔شہروں اور دیہاتوں میں رہنے والے پاکستانی اپنی بقاء کے لیے مضر صحت پانی استعمال کرتے ہیں۔

Pakistan

Pakistan

اسی وجہ سے ہرسال ہزاروں افراد اسہال، ہیضہ، یرقان اور ان جیسی دیگر موذی بیماریوں کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔پاکستان میں پانی کی صورت حال بڑی چونکا دینے والی ہے ۔ایشین ڈویلپمنٹ بنک کی جولائی2013 ء میں منظر عام پر آنیوالی رپورٹ کیمطابق پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جو تیزی سے پانی کے بحران کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ ایک تنظیم جناح انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ 2014ء میں کہاگیا تھا کہ قیام پاکستان کے وقت ہر ایک پاکستانی کے لیے پانچ ہزار کیوبک میٹر پانی دستیاب تھا، جو گزرتے وقت کے ساتھ کم ہو کر سنہ 2011ء تک ایک ہزار تین سو چورانوے مکعب میٹر فی کس رہ گیا اور 2014ء اور اس کے بعد بعض ماہرین اس خدشہ کا اظہار کر رہے ہیں کہ ملک میں فی کس پانی کی دستیابی کم ہوتے ہوتے ایک ہزار مکعب میٹر رہ گئی ہے ۔اس بات کو سن کر تو آپ چونک جائیں گے کہ ہمارے ملک میںپا نی ذخیرہ کرنے کی گنجائش30 روز تک محدود ہو کررہ گئی ہے۔جوکہ ایمرجنسی کی صورت میں پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایک ہزار دنوں تک ہونی چاہیے تھی ۔یہ بحران کسی بہت بڑے المیے کا سبببن سکتا ہے ۔ہمارے حکمران تو اپنے اپنے ملک (بیرون ملک) چلے جائیں گے یہاں تو ہم عوام کو رہنا ہے، اس لیے اس بحران سے نپٹنے کے لیے ہم کو ہی آواز اٹھانی ہو گی ۔

اس وقت ملک کی آبادی لگ بھگ بیس کروڑ تک پہنچ چکی ہے اور حال یہ ہے کہ کثیر آبادی کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں۔بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور غربت اور آلودہ پانی نے عوام میںایک ہیجانی کیفیت پیدا کر دی ہے ۔پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (پی سی آرڈبلیو) کے مطابق پاکستان کی 85 فیصد شہری آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جبکہ دیہاتوں میں بسنے والے 82 فیصد لوگوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں۔ پاکستان کو آج کل پانی کی قلت کے جس بحران کا سامنا ہے، اس کی دو وجوہات ہیں، ایک تو بھارت کی پاکستان دشمنی ہے ۔ ۔ دشمن سے تو کسی خیر کی توقع بے وقوفی ہوتی ہے، اصل وجہ پاکستان کے حکمران ہیں۔جو اس حوالے سے مسلسل غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ مجھے آخر میں یہ ہی کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے آبی وسائل کے حوالے سے منصوبہ بندی نہ کی اور بڑے ڈیم تعمیر نہ کئے تو ملک میں پانی کی قلت اس حد تک بڑھ جائے گی کہ آبپاشی تو درکنار پینے کے لیے بھی پانی وافر مقدار میں دستیاب نہ ہو گا۔اور جیسا کہ عالمی آبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں آئندہ جنگیں پانی کے مسئلہ پر ہوں گی یہ بات سچ ثابت ہو جائے گی۔

Akhtar Sardar CH

Akhtar Sardar CH

تحریر:اختر سردار چودھری ،کسووال