وزیرآباد کی خبریں 14/6/2016

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) شہر اور گردونواح کے پمپوں پر غیر معیاری پٹرول، ڈیزل کی فروخت کی شکایات بڑھنے لگیں، گزشتہ چند روز سے شہریوں کی شکایات میں اضافہ ہوگیا۔ شہریوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ شہر اور مضافاتی علاقوں کے پمپوں پر غیر معیاری پٹرول فروخت ہورہا ہے جس کی وجہ سے ان کی گاڑیاں موٹر سائیکل ، جبکہ کاشتکاروں کے ٹریکٹر اور پیٹر انجن وغیرہ جلدی خراب ہوجاتے ہیں۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ متعدد پمپوں بالخصوص شہر کے قریب ایک مخصوص پمپ پر عرصہ سے غیر معیاری پٹرول اور ڈیزل کی فروخت سے ان کی گاڑیوں کے انجن تباہ ہوچکے ہیںجس سے انہیں ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض پمپ مالکان راتوں رات امیر بننے کے چکر میں عرصہ سے یہ دھندہ کررہے ہیں ان پمپوں پر غیر معیاری ملاوٹ شدہ فروخت سے اپنی جیبیں بھری جارہی ہیں جبکہ شہریوں کا وسیع پیمانے پر نقصان ہورہا ہے غیرقانونی طور پر پمپوں پر اسمگل شدہ پٹرول ڈیزل کی فروخت کرنے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں رہا۔ شہریوں نے وزیر پٹرولیم، ڈی سی اوگوجرانوالہ اور دیگر ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(نامہ نگار)معروف بیکرزکی فوڈمصنوعات کے غیرمعیاری اور باسی ہونے کی شکایات میں اضافہ، ۔ معروف بیکری کی مختلف برانچزملک کے مختلف شہروں میں موجود ہیں جہاں پر لوگوں کو سستی اور معیاری بیکری اشیاء فروخت کرنے کے دعوے کئے جاتے ہیں ۔ وزیرآباد میں موجود اسی بیکری کی برانچ سے گزشتہ روز سنیئر صحافی مہر فیاض فیضی نے افطار پارٹی کیلئے مختلف اشیاء خریدیں جن میں موجود چکن لیگ پیس کھاتے ہی صحافی اوردوستوں کی طبیعت خراب ہونے لگی، مہر فیاض فیضی نے کنزیومر کورٹ میں گزاری گئی درخواست میں بتایا کہ سائل اور اس کے دوستوں نے فیملی کومبو ڈیل میں موجود لیگ پیس اٹھا کر کھائے تو پہلے بائٹ کو چباکر اندر نگلتے ہی بدبو سے ہمارا سانس لینا دشوار ہوگیا اور قے آنے لگی، روزہ افطاری کے وقت ان چیزوں کے استعمال کی وجہ سے جی متلی ہونے لگا اور اس طرح دیگر رسیدوں کے ذریعے خریدی گئی مختلف آئٹمز وہیں کی وہیں دھری رہ گئیں اورسب دوستوں کو اپنی جان کے لالے پڑگئے۔ لیگ پیسوں کو دیکھا گیاتو وہ واضح طور پر سڑے ہوئے پرانے اور فنگس آلود تھے ۔ سب کچھ ٹیبل پر رکھا چھوڑ کر بیکر ی کی انتظامیہ کو آگاہ کیاگیا تو انہوں نے معذرت کرنے یااس طرح کے ناقص مضر صحت کھانے دینے کے بارے میں کوئی مناسب جواب دینے کی بجائے دھمکیاں دینا شروع کردیں اور کہا کہ تم لوگ شاید یہ نہیں جانتے کہ گورمے بیکرز انتظامیہ کس قدر اثر ورسوخ کی مالک ہے آپ نے یہ چیزیں کھانی ہیں تو کھائیں ورنہ ہماری طرف سے باہر سڑک پر پھینک دیں ہم ایسا کچھ ہی اپنے گاہکوں کو دیتے ہیں ۔ متاثرہ افراد نے اعلیٰ حکام سے بااثر بیکری انتظامیہ کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(نامہ نگار)اعلیٰ انتظامی افسران کا رمضان بازار وزیرآباد کا دورہ کیا اور بازار کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے شہریوں کو بلا تفریق مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات ، ڈی سی او گوجرانوالہ عامر جان ،سی پی او گوجرانوالہ وقاص نذیر نے وزیرآباد میں لگائے گئے رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا اس موقعہ پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد محمد انور بریار، ٹی ایم او قیصر امین وڑائچ، چیف آفیسر شہر یار وڑائچ بھی موجود تھے۔ ڈی سی او عامر جان نے بازار میں آئے خریداروں سے اشیاء کی قیمتوں اور انتظامی تعاون سے متعلق دریافت کیا جس پر شہریوں نے رمضان بازار انتظامیہ کی طرف سے دی گئی سہولتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عام مارکیٹ کے مقابلہ میں رمضان بازار میں اشیاء کی قیمتوں کو واضح طور پرکم بتایا ۔ سی پی او گوجرانوالہ نے بھی شہریوں سے قیمتوں کے متعلق استفسار کیا انہوں نے سیکیورٹی معاملات کا بھی جائزہ لیا اور رمضان بازار انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ سیکیورٹی کے حوالے سے مزید اقدامات اٹھائے جائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد انور بریار اور دیگر مقامی افسران نے سی پی او گوجرانوالہ، ڈی سی او گوجرانوالہ کو رمضان بازار کے تمام سٹالز کا دورہ کروایا ۔موقع پر موجود شہریوں نے رمضان بازار کا دورہ کرنے والے افسروں کا شکریہ ادا کیا۔