وزیرآباد کی خبریں 24/3/2017

GEPCO

GEPCO

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) گجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹو محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ دن رات کام کر کے گیپکو کی آن بان شان میں اضافہ کرنے والے محنتی کارکن گیپکو کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کاکنوں کو تعریفی اسناد دینے کیلئے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں چیف انجینئرز خالد پرویز ، جنید اختر، محمد ریاض، ڈائریکٹر فنانس محمد ایاز، ایڈیشنل ڈی جی محمد صدیق ملک، اورنگزیب ملہی، مینجرز زاہد جاوید، زاہد پرویز،رفیق اقبال، عبدالرزاق، انیس خاں، محمد حسیب، یونس شاد، میجر (ریٹائرڈ) فرحان نذیر ،یونین عہدیدران ولی الرحمن، محمد اقبال ڈارسمیت گیپکو افسران ، یونین عہدیدران اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر جنرل مینجر آپریشن ہارون االرشید اور ڈائریکٹر جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن انور سعید کیلوی نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ گیپکو اعلیٰ کارکردگی پر تعریفی اسناد اور انعامات دینے کا سلسلہ نہایت قابل ستائش ہے جہاں ایک طرف غلط کام کرنے والوں سے سزا کا تصور ہے وہیں اچھا کام کرنے والوں کی خدمات کا اعتراف بھی نہایت ضروری ہے اس سے دوسروں کے اندر جذبہ مسابقت پیدا ہوتا ہے اور ادارے ترقی کرتے ہیں ۔چیف ایگزیکٹو محمد اکرم چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو شہیدوں اور مجاہدوں کو یاد رکھتی ہیں اسی طرح یوم پاکستان کی نسبت سے منعقدہ تقریب اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ گیپکو بھی اپنے محنتی کارکنوں اور انکی قربانیوں کو ہمیشہ سراہتا رہے گا تاکہ گیپکو بھی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرے۔انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایسی تقاریب کا سلسلہ جاری رہے گا اور جن کا اس مرتبہ نام نہیں آیا وہ آئندہ زیادہ محنت کریں تو اگلی مرتبہ وہ بھی انعام حاصل کرنے والوں میں شامل ہو جائیںگے۔چیف ایگزیکٹو نے افسران و ملازمین کی تاکید کی کہ سیٹ پر بیٹھ کر کبھی اپنے آپ کو افسر نہ سمجھیں بلکہ کسٹمر کا خدمتگار بن کر رہنا چاہیے۔آپ جہاں بھی ہوں ملک کی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں کہیں بجلی چوری روک کر تو کہیں نادہندگان سے قومی خزانے کی ایک ایک پائی وصول کر کے اورپھر سب سے بڑھ کر کسٹمر ز کو بہترین کسٹمر سروسز مہیا کر کے آپ قومی ترقی میں اپناحصہ ڈال سکتے ہیں۔اس موقع پر58 افسران و کارکنوں کو حُسن کارکردی کی اسناد اور شیلڈ دی گئیں جن میں میاں محمد عرفان، محمد بوٹا گورائیہ، فیصل نفیس یوسف، چوہدری امتیاز، امیر فاروق میمن، محمد زاہد، چوہدری محمد اصغر، طارق محمود گوندل، مرزا صادق محمود، سید اشفاق حسین، محمد یعقوب، احمد رشید، عثمان افضل، زبیر اکبر، عارف ظفر،رانا شہزاد جمیل، محمد زبیر، منظور خاں، عباس بٹ، حافظ یاسر، عمران فاروق،محمد عارف، شمشاد، وسیم اکرم، بشیر احمد، محمد جاوید و دیگر نام شامل ہیں۔ نقابت کے فرائض مینجر ایڈمن ذیشان ستار نے ادا کئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی)گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹوچوہدری محمد اکرم نے کہاہے کہ 23مارچ تجدید عہد کا دن ہے اس بات کے عہد کا دن ہے کہ ہم وطن عزیز کی حرمت پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے اور ہم سب نے ملکر اسے ترقی وخوشحالی اور کامیابیوں کی بلندیوں پر لے جانا ہے۔ہم تن من دھن کی بازی لگا کر وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔جس طرح آج کے دن 1940ء میں ہمارے بزرگوں نے ایک قرارداد پیش کی اور اس عہد پر کاربند رہتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں سے 7سال بعد یہ عظیم وطن معرض وجود میں آیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن سے ہمیں یہ سبق بھی ملتا ہے کہ منزل کے حصول کیلئے جب بھی کوئی عہد کر لیں اور پھر اس پر کاربند رہتے ہوئے خلوص دل سے جُہد مسلسل جاری رکھیں تو ناممکن کو بھی ممکن کیا جا سکتا ہے ۔