وزیرآباد کی خبریں 9/10/2015

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) خواجہ خواجگان اعلیٰ خواجہ صوفی محمد علی کا 54واں سالانہ عرس مبارک زیر صدارت الحاج پیر محبوب الہی مورخہ 9 اکتوبر بروز جمعة المبارک کو بمقام دربار عالیہ وادی عزیز شریف نزد پل دریائے چناب چنیوٹ منعقد ہو گا۔ وزیرآباد سے معروف سماجی شخصیت ملک غلام علی اعوان کی قیادت میں سینکڑوں مریدین کا قافلہ عرس میں شرکت کیلئے روانہ ہوگا۔9اکتوبرسے11اکتوبر2015ء تک عرس کی تین روزہ تقریبات میں ملک بھر سے زائرین شرکت کریں گے۔11اکتوبر بروز اتوار کو صبح10بجے مرکزی جلوس نکالا جائے گا دن2بجے کے قریب اختتامی دعا اور بعد از نماز ظہر لنگر کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(نامہ نگار)پولیس تھانہ صدر میں جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھٹی مل گئی۔چوری کی وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں روپے کا نقصان۔ جرمنی میں مقیم شخص کے اہلخانہ اور واپڈا ملازم بھی چوروں کی دسترس سے محفوظ نہ رہ سکے۔ نواحی علاقہ پاک ٹائون ٹھٹھی آرائیاں میں گزشتہ روز چوروں نے جرمنی میں بسلسلہ روزگار مقیم اکرام اﷲ ہنجرا کے اہل خانہ کی عدم موجودگی میں گھر میں داخل ہو کر گھر سے ایل سی ڈی،الیکٹرانک اشیاء اور5قیمتی مردانہ سوٹ چرا لئے ۔دریں اثناء پاک ٹائون کے ہی رہائشی واپڈاا ملازم محمد بلال ولد غلام محمد کے گھر چوروں نے واردات کی اور لاکھوں روپے کا سامان لوٹ لیا۔ محمد بلال کسی عزیز کی شادی میں شرکت کیلئے اہلخانہ سمیت لاہور گیا ہوا تھا کہ چوروں نے گھر کے دروازے کے تالے توڑ کر اندر سے 55ہزار روپے نقدی، 4تولے طلائی زیورات، 10عدد مردانہ سلے ان سلے سوٹ، 2عدد قیمتی بریف کیس چرا لئے۔ متاثرہ شہری بلال کی طرف سے پولیس تھانہ صدر کو مظہر عرف ننھا ولد محمد اکرم کیخلاف چوری کے شبہ میں درخواست گزار دی گئی ہے۔ علاقہ میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں پر شہریوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ عوامی، سماجی حلقوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔