وزیرآباد کی خبریں 20/8/2016

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) ایم پی اے پورے حلقہ کا، فنڈز صرف اپنے گائوں کیلئے۔ وزیرآباد سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ 104 کے رکن شوکت منظور چیمہ نے خستہ حالی کے شکار بیسیوں دیہاتوں اور وسیع شہری علاقہ کے ہزاروں مکینوں کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ کر 4500 نفوس پر مشتمل اپنے رہائشی گائوں منظور آباد کو ماڈل بنانے کیلئے 23 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کروالی۔منتخب رکن صوبائی اسمبلی کی اپنے ہی گائوں کیلئے نوازشات جبکہ شہر کے گلی محلوں کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑنے کے کارنامہ پر شہری حلقوں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکمرانوںنے عوام الناس کے حقیقی مسائل سے ناصرف چشم پوشی اختیار کررکھی ہیں بلکہ اپنی سماعتوں پر بھی پردے ڈال رکھے ہیںحلقہ پی پی 104 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر علاقہ بھر کی بہتری کے دعووں اور وعدوں کی بنیاد پر دوسری مرتبہ منتخب ہونے والے ایم پی اے شوکت منظو ر چیمہ نواحی گائوں منظور آباد کے رہائشی ہیں ۔منظورآباد میں بہترین پختہ روڈ، نکاسی آب کا بہترین روایتی چالو نظام، صحت کا بنیادی سرکاری یونٹ،سرکاری ہائی سکول،بجلی، سوئی گیس اور ٹیلی فون جیسی جدید سہولتیں پہلے سے ہی میسر ہیں کو ماڈل بنانے کیلئے 23کروڑ روپے منظور کروائے گئے ہیں جبکہ دیگر دیہی علاقوں کے مکین ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، خستہ حال گلی محلوں ، سیوریج کے ناقص نظام، ڈسپنسری تک کی سہولیات میسر نہ ہونے پر سراپا احتجاج ہیں۔ایم پی اے کے گائوں کیساتھ ہی موضع ویروکی ہے جہاں صحت ،تعلیم ،نکاسی آب جیسی سہولتیں آج بھی ناپید ہیں۔شہر کے اہم ترین علاقوں کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، واٹر سپلائی،سیوریج کے ابتر نظام پرٹیکس گزار شہریوں کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی اور وہ دن رات اڑنے والی گردوغبار، غلاظت اور تعفن کی وجہ سے شہرسے قریبی ہائوسنگ کالونیوں اور دوسرے شہروںمیں ہجرت پر مجبورہوچکے ہیں۔مسائل میں گھرے وسیع علاقہ کی عوام کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ کر ایم پی اے کے گائوں کو نوازنے کی پالیسی کو شہری حلقوں میں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ خود پارٹی کے اپنے لوگ اس معاملہ پر پریشان دکھائی دیتے ہیں۔عوامی، سماجی حلقوں، صدر انجمن تحفظ حقوق عوام افتخار احمد بٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملہ پر نظر ثانی فرماتے ہوئے23کروڑ روپے کی خطیر رقم بنیادی سہولتوں سے محروم قریبی دیہاتوں اور شہری علاقوں پرصرف کرکے عوام کے مسائل میں کمی لائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) بجلی بحران کی موجودگی میں آئے روز قیمتوں میں اضافہ کے فیصلہ کیخلاف عوامی حلقے سراپا احتجاج۔ صدر انجمن شہریاں محمود احمد خان لودھی، صدر انجمن تحفظ حقوق عوام افتخار احمد بٹ، چیئرمین خوبصورت ویلفیئر سوسائٹی شکیل احمد اعوان اور دیگر نے کہا ہے کہ ایک جانب موجودہ حکمران بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہیں تو دوسری جانب آئے روز بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیساتھ غریب عوام کی کمر توڑی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومتوں نے آمر مشرف کی حکومت کے برعکس مہنگائی میں کمی کی بجائے کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔ مشرف دور میں تیل کی قیمتیں زیادہ ہونے کے باجودہ بجلی کی قیمت کنٹرول میں تھی جبکہ آج ایک عام آدمی بجلی کا بل قرض لیکر جمع کرواتا ہے اور قرضوں کے بوجھ تلے دبتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری حکمرانوں نے جمہور کا خیال رکھنا چھوڑ دیا ہے انہیں عام آدمی کی تکالیف کا اندازہ نہیں غریب آدمی مہنگائی کے بوجھ تلے دب کر زندہ درگور ہورہے ہیں۔انہوں نے مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن منصوبہ کی مد میں عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) چیف ٹریفک آفیسر محمد آصف ظفر چیمہ کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے پبلک سروس وہیکل رکشہ چاند گاڑی پر لگے ہوئے ٹیپ ریکارڈرکو اتارکر ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ،مسافروں کی شکایات پر فرقہ وارانہ تقاریر اور فحش گانوں کی تشہیر کا تدارک کرتے ہوئے گزشتہ روز گاڑیوں سے اتارے گئے سینکڑوں ٹیپ ریکارڈرز کو شیرانوالہ باغ کے قریب جی ٹی روڈ پر باقاعدہ طور پر بلڈورز کے ذریعے تلف کر دیا گیا اس موقع پر سی ٹی او کا کہنا تھا کہ صوقی آلودگی سے شہریوں کو نجات دلائی جائیگی اور مہذب معاشرے کی تشکیل میں اپنا موثر کردار ادا کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ ڈرائیور حضرات اسطرح کی بداخلاقیوں سے پرہیز کریں جس سے مسافروں کو بھی ذہنی تکلیف سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ٹریفک ترجمان عمر مرزا نے کہا کہ یہ مہم مسلسل جاری رہے گی۔