وزیرآباد کی خبریں 13/6/2015

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) پاکستان میں ایک طرف کھربوں کے بجٹ پیش کئے جا رہے ہیں تو دوسری جانب لاکھوں بچے آج بھی جبری مشقت پر مجبور ہیں۔ چائلڈ لیبر کے عالمی دن کے موقعہ پر بھی مزدور بچوں کو کام سے چھٹی نہ مل سکی وزیرآباد اور مضافات میں پیٹ کے ہاتھوں مجبور بچے آج بھی رزق کی حصول کی خاطر مختلف مشقت طلب کام کرتے رہے۔شہر میں چائلڈ لیبر کے خاتمہ بارے شعور کی بیداری کیلئے کسی بھی تنظیم کی طرف سے کوئی سرگرمی سامنے نہ آئی۔ محنت مزدوری کرنے والے یہ کم سن بچے نا صرف اپنے لئے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرتے ہیں بلکہ خاندان کے دوسرے افراد کابھی پیٹ پالتے ہیں۔ کم سن بچوں کاحالات سے مجبور ہو کر اس طرح مشق ستم بننا حکومتی حکام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں نے چائلڈ لیبرڈے کے موقعہ پرغریب بچوں کے حقوق بارے اپنے بیانات میں کہا کہ ایوانوں اور اے سی والے ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر ملکی ترقی کے بلند وبانگ دعوے کرنے والوں کو جگہ جگہ غریب اور کم سن بچوں کے حقوق کا استحصال ہوتا نظر کیوں نہیں آتا ؟ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکمران غربت کے خاتمہ کی جانب خصوصی توجہ دیکرغریبوں کے بچوں کیلئے خصوصی وظائف کا بندوبست کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کی سیکیورٹی پر مامور گارڈز کئی ماہ سے تنخواہ سے محروم، اعلیٰ حکام سے فوری دادرسی کا مطالبہ۔ وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے گیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈز پرائیویٹ کمپنی سے ہائیر کئے گئے ہیں ۔ پرائیویٹ کمپنیاں دن رات ڈیوٹی دینے والے ان غریب محنت کشوں کا استحصال کرتے ہوئے انہیں حکومت کی طرف سے مقررکردہ کم ازکم ماہانہ تنخواہ سے بھی کئی گنا کم تنخواہ دیتے ہیں اور بیماری کی رخصت کی صورت میں بھی تنخواہ کاٹ لی جاتی ہے۔ کارڈیالوجی سینٹر کی سیکیورٹی پر مامور گارڈز کو بھی 9000 روپے ماہوار تنخواہ دی جاتی ہے جو کارڈیالوجی اورکمپنی کے معاملات طے نہ پاسکنے کے باعث گزشتہ تین ماہ سے قلیل تنخواہ سے بھی محروم ہیں۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سیکیورٹی گارڈز کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں ۔ متاثرہ گارڈز نے اعلیٰ حکام سے دادرسی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب شہری تنظیموں نے محنت کشوں کا استحصال کرنے والی سیکیورٹی کمپنیوں کا محاسبہ کرنے اور مزدوروں کو حکومت کی طرف سے مقرر کردہ کم ازکم تنخواہوں کی ادائیگیاں یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔