مقامی سیاسی قیادت کے بلند وبانگ دعووں سے شہریوں کی مصیبتوں میںکمی کی بجائے اضافہ ہوگیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) مالی سال 2015-16ء گزر گیا۔ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شہر میں کوئی خاص اقدامات نہ اٹھائے جاسکے مقامی سیاسی قیادت کے بلند وبانگ دعووں سے شہریوں کی مصیبتوں میںکمی کی بجائے اضافہ ہوگیا۔ دھونکل روڈ، قدرت آباد روڈ، ویروکی،بھروکی روڈ کے علاوہ شہر کے اہم ترین پوائنٹ سول کورٹ لاہوری گیٹ روڈ کی خستہ حالی نے عوام الناس کی مشکلات بڑھا دیں جبکہ مختلف مقامات پر مالی سال کے آخری دن عوام الناس کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور سرکاری کاغذوں کا پیٹ بھرنے کیلئے فرضی کاروائیوں سے سب اچھا کی رپورٹیں جاری کردی گئیں۔

بیلہ کے اہم ترین علاقوں نوگراں ،پاتوکے، نہرکے، رام گڑھ اور دیگر دیہاتوں کو جانے والا روڈ بھی سال کے آخری دن سیلابی ایام میں ناقص میٹریل کے استعمال سے تیزی سے مکمل کیا جانے لگا دریں اثناء گیمن پل کے اطراف میں بھی تارکول کا سپرے کرکے ریت ڈال کر روڈمرمت کاپروانہ جاری کردیا گیا۔ مختلف علاقوں اور سڑکوں کی خستہ حالی جیسے دیرینہ مسائل پرمقامی سیاسی قیادت، انتظامیہ کی غفلت اورمالی سال کے آخری ایام میں سیاسی قیادت کی مبینہ آشیر باد سے ٹھیکیدار مافیا کی پھرتیوں پر عوامی، سماجی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، کمشنر گوجرانوالہ اور دیگر حکام بالا سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔