بہبود اسکیموں پر شرح منافع میں بتدریج کمی غیر دانشمند انہ فیصلہ

Karachi

Karachi

کراچی (محمد ارشد قریشی) قومی بچت مراکز میں ضعیف العمر حضرات، بیوہ خواتین اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیئے موجود اسکیموں پینشنر بینیفٹ اکاؤنٹ اور بہبود اکاؤنٹ میں جمع کی گئی رقوم پر کئی سالوں سے شرح منافع میں بتدریج کمی کی جارہی ہے جو ان تمام لوگوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے جنہوں نے اپنی عمر بھر کی جمع پونجی سے ان اسکیموں میں سرمایہ کاری کی ہے، ان اسکیموں سے سرکاری ملازمت سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین سمیت دیگر بزرگ شہری بھی مستفید ہوتے ہیں جس میں ہر ماہ منافع حاصل کرنے کے ساتھ ان کی اصل جمع کرائی گئی رقم بھی محفوظ رہتی ہے جس سے ان کا روزآنہ کا گذر بسر چلتا ہے۔

بدقسمتی سے جب سے موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا ہے اس وقت سے قومی بچت اسکیموں میں دئیے جانے والے منافع میں بتدریج کمی کرکے نہایت کم کردیا ہے جس کی وجہ سے قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کرنے والے بزرگ شہری نہایت پریشانی کا شکار ہیں اور اپنی رقوم کو نکلواکر نجی اداروں کی اسکیموں میں جمع کرا رہے ہیں۔

ماضی کی حکومتوں نے ان خصوصی بچت اسکیموں پر خاصی توجہ دی اور اس کے شرح منافع میں اضافہ کیا گیا جو کہ ایک خوش آئیند اقدام تھا موجودہ حالات میں منافع میں کمی کے باوجود بھی اس ادراے کو قومی ادارے ہونے کی وجہ عوام میں کافی اعتماد حاصل ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان اسکیموں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عمر رسیدہ، بیوہ اور ریٹائرڈ ملازمین زیادہ سے زیادہ اس ادارے میں سرمایہ کاری کریں جس سے ایک طرف تو پاکستان کے خزانے یہ رقوم ایک خاصہ اضافہ ہوگا وہیں ان غریبوں کی ساری عمر کی جمع پونجی کسی غیر محفوظ ادارے کے ہاتھوں میں جانے سے بچ جائے گی۔