ویسٹ انڈیزکے مایہ ناز کرکٹ کمنٹیٹر ٹونی کوزیئر انتقال کرگئے

Tonycozier

Tonycozier

جمیکا (جیوڈیسک) کرکٹ میں رنگ بھرنے والے ویسٹ انڈیز کے مایۂ ناز کرکٹ کمنٹیٹر ٹونی کوزیئر انتقال کرگئے۔

کرکٹ میں اپنی آواز اور الفاظ کا جادو جگانے والے کمنٹیٹر ٹونی کوزیئر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ٹونی کوزیئر کئی خوبیوں کے مالک تھے اور وہ کمنٹیٹر کے علاوہ صحافت کے شعبے سے 58 برس تک منسلک رہے۔ انھوں نے کینیڈا کے شہر اوٹاوا کی کارلٹن یونیورسٹی سے صحافت کی تعلیم حاصل کی، 1958 میں ویسٹ انڈیز میں کمنٹری اور مضامین نگاری کا آغاز کیا اور کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے۔

ٹونی کوزیئر 1940 کو برج ٹاؤن میں پیدا ہوئے اور پہلی بار 1966 میں انہوں نے ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ کمنٹری کی۔ ٹونی کوزیئر بارباڈوس کی ہاکی ٹیم کے گول کیپر بھی رہے تھے۔ بارباڈوس کے دو کرکٹ کلبز وانڈررز اور کارلٹن کی ٹیم میں بطور اوپننگ بلے باز اور وکٹ کیپر بھی کھیلے تھے۔ دسمبر 2011 میں انھیں میلبرن کرکٹ کلب کی اعزازی رکنیت دی گئی اور بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول میں میڈیا سینٹر کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا۔

ویسٹ انڈیزکے سابق فاسٹ بولر اور کرکٹ کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ کا کہنا ہے کہ میں نے ٹونی کوزیئر کے ساتھ گھنٹوں گزارے ہیں، انہوں نے کرکٹ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ کو پوجا سمجھ کر خدمات انجام دیں اور وہ ان کو بھی سخت جواب دیتے تھے جو ویسٹ انڈیز کرکٹ پرغیرمنصفانہ تنقید کرتے تھے۔