ویسٹ انڈیز کے چھ وکٹوں پر 244 رنز

Wahab Riaz

Wahab Riaz

اسلام آباد (جیوڈیسک) ویسٹ انڈیز نے تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنا لیے ہیں۔

شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے دن ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا آغاز بھی پاکستان کی طرح اچھا نہیں تھا اور اس کی پہلی وکٹ چھ کے مجموعی اسکور پر گر گئی۔

وہاب ریاض نے ابتدائی بلے باز جانسن کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، انھوں نے ایک رن بنایا تھا۔

اس سے کچھ ہی دیر بعد براو 11 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر عامر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سیموئیلز تھے جو بغیر کوئی رن بنائے یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

ابتدائی بلے باز براتھویٹ، بلیک ووڈ کے ساتھ ذمہ داری کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھے ہوئے تھے کہ بلیک ووڈ محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر پویلین چلتے بنے۔ انھوں نے 23 رنز اسکور کیے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے چیز 50 جب کہ ڈورچ 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو براتھویٹ 95 اور کپتان ہولڈر چھ رنز پر کھیل رہے تھے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر اور وہاب ریاض نے دو، دو جب کہ یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اس ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی پہلی اننگز میں 281 رنز بنائے تھے۔ سمیع اسلم 74 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز تھے جب کہ یونس خان نے 51، کپتان مصباح الحق نے 53 اور سرفراز احمد نے 51 رنز بنائے۔

پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو، صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔