مغربی تہذیب کو شکست دینے کیلئے جدید تعلیم حاصل کرنا ہوگی، شاہنواز فاروقی

Shahnawaz Farooqi Adreased

Shahnawaz Farooqi Adreased

کراچی : معروف کالم نگار شاہنواز فاروقی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کی اصل کامیابی سیرالنبیۖ کی تعلیمات میں ہے۔مغربی تہذیب کو شکست دینے کے لئے جدید تعلیم حاصل کرنا ہوگی۔ معاشرے میں فساد اور بربادی کی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔ جماعت اسلامی علمی بنیاد پر کھڑی ہونے والی جماعت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ ناظم آباد زون کے تحت ذیلی سطح کے ناظمین کے اجتماع میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی زون نارتھ ناظم آباد اویس یاسین سمیت دیگر ذمہ دار بھی موجود تھے۔ شاہنواز فاروقی نے کہا کہ اسلامی انقلاب برپاکرنے کے لئے علم اور تقوی پیدا کرنا ہوگا۔ مغرب کو بالادستی تقویٰ کی بنیاد پر نہیں بلکہ علم کی بنیاد پر حاصل ہے۔ عوام کو متاثر کرنے والی چیز علم ہے جس کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، مسلمانوں کے زوال کی وجہ جدید علم سے دوری کے علاوہ دینی تعلیمات سے دور ی ہے۔

اسلامی نظام نافذ کرنے کے لئے باطنی معاملات کو صاف کرنا ہوگا۔ مولانا مودودی نے علم اور تقویٰ کی بنیاد پر لوگوں کو اسلا م سے قریب کیا۔ علم کے بغیر کوئی انسان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ امیر زون اویس یاسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی دعوت کو بہتر کرنے کے لئے اپنے روزمرہ کے کاموں کا احتساب کرنا ہوگا۔

عوام تک دعوت دین پہنچانے کے لئے اپنی نمازوں اور مطالعہ قرآن کو درست کرنا ہوگا۔ دعوت تبلیغ کے ذریعے ہی معاشرے میں امن قائم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت جو اقامت دین اور دنیا میں نظام مصطفی کے لئے کوشاں ہے عوام اسلامی نظام نافذ کرنے کے لئے ہمارا ساتھ دے۔