سوچنے کی فرصت

Sultan Salahuddin Ayubi

Sultan Salahuddin Ayubi

تحریر: ایم سرور صدیقی
سلطان صلاح الدین ایوبی کو کون نہیں جانتا مسلم حکمرانوں میں ان کا نام اور کام بہت معتبر ہے آج بھی یہودی اور عیسائی۔۔۔۔سلطان صلاح الدین ایوبی سے نفرت کرتے ہیں فاتح بیت المقدس، اردن، شام، فلسطین، لبنان اور مصرکا جب انتقال ہوا تو اہل خانہ کے پاس ان کی تدفین کیلئے کچھ نہ تھا لہذا قرض لے کر آپ کی تجہیزو تدفین کی گئی۔۔۔ وہ سلطان صلاح الدین ایوبی جس کی ہیبت سے اسلام دشمن طاقتوں پر لرزہ طاری رہتا تھا۔

انہوں نے اپنے ترکہ میں ایک گھوڑا، ایک زرہ بکتر، ایک تلوار، 1 دینار، 26 درہم چھوڑے تھے آپ شدید خواہش کے باوجود حج کے لئے نہ جا سکے کیونکہ ان کے پاس وسائل ہی نہ تھے جبکہ آج کے حکمران اکثر غیرملکی دوروں پر رہتے ہیں اور ایسے ایسے ملکوں کے دورے کئے جارہے ہیں جن کے نام بھی عرف ِ عام نہیں یعنی غیر ملکی دوروں کے نام پر دنیا کی سیاحت کی جارہی ہے اوران دوروں میں اپنے عزیزواقارب ،دوستوں اور سیاستدانوں کے جہاز بھرکر لے جایا جا رہا ہے جس سے قومی خزانے پر ہر سال اربوں کا بوجھ ڈالا جاتا ہے۔

موجودہ وزیر ِ اعظم نے اپنی کوئی عید اپنے وطن میں اپنے ہم وطنوںکے ساتھ گذارنا پسندنہیں کی جبکہ ایک سابقہ صدر نے اپنے دور میں سب سے زیادہ غیر ملکی دورے کرنے کااعزاز حاصل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا شاید اس حوالہ سے ان کانام گینز آف بک میں شامل کردیا جائے۔۔۔ حیف ہے آج کے حکمرانوںنے اپنے اسلاف سے بھی کچھ نہیں سیکھا۔۔۔۔ دور نہ جائیے ایرانی صدر محمود احمدی نژاد سفرکے دوران تن تنہا فٹ پاتھ پرہی نماز ادا کرلیا کرتے تھے کیا پاکستانی حکمرانوں نے کبھی ایسا کیاہے؟ شنیدہے کہ اکثرو بیشتر پاکستانی حکمرانوں،وزیروں مشیروںاور اشرافیہ کو سرے سے نمازہی نہیں آتی بلکہ وہ کئی بار قرآنی آیات بھی غلط تلاوت کر جاتے ہیں جس سے دنیا کو پاکستان پر ہنسنے کا موقعہ ملتا ہے۔۔۔

Liaquat Ali Khan

Liaquat Ali Khan

پاکستان کے پہلے و زیر ِ اعظم لیاقت علی خان اپنی ہزاروں ایکڑ اراضی ہندوستان میں چھوڑ کر پاکستان کی محبت میں آگئے تھے وہ چاہتے تو اس کے عوض زرعی اراضی الاٹ کروانے کا حق رکھتے تھے لیکن انہوںنے ایسا کرنا پسند نہ کیا آج کل کے حکمرانوںکا حال سب کے سامنے ہے انہوںنے اپنے لئے دولت کے پہاڑ جمع کرلئے لیکن عوام کے لئے کچھ نہیں کیا شہیدِ ملت لیاقت علی خان جب اپنے خالق ِ حقیقی سے جاملے ان کی جیب سے فقط 32روپے 50پیسے برآمد ہوئے تھے ہے کوئی ایسی مثال ۔۔۔ انہوںنے ایک شاندار روایت قائم کی سوچئے۔۔۔ذہن پر زورڈالیں آج کے حکمرانوں میں کوئی اس معیار کو چھو سکتاہے یقینا کوئی بھی ایسی ایک مثال نہیں ہوگی۔

واقعہ یہ ہے پاکستان کے پہلے و زیر ِ اعظم لیاقت علی خان قیام ِ پاکستان کے بعد جس مکان میں رہائش پذیرہوئے وہ کسی بھی لحاظ سے ان کے شایان ِ شان نہ تھا انہوںنے خالصتاً جاگیردارانہ ماحول میں پرورش پائی تھی برطانیہ سے بیرسٹر بن کر واپس لوٹے وہ انگریزوںکے ہمنوا بن جاتے تو انہیں خان بہادر، سر یا کوئی اور خطاب سے ضرور نوازا جاتا لیکن ن کے دل میں پاکستان کی محبت موجزن تھی ۔۔۔ شنیدہے کہ ایک مرتبہ شدید بارشوں میں لیاقت علی خان کے گھرکی چھتیں ٹپکنے لگیں جس کی وجہ سے ان کے اہل ِ خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا DCکراچی نے لیاقت علی خان کو آکر کہا آپ کے لئے بہتر مکان کااہتمام کردیا گیاہے آپ وہاں شفٹ ہوجائیں کہیں یہ مکان گرنہ جائے تو پاکستان کے پہلے و زیر ِ اعظم نے مسکراکرکہا ہم یہیں ٹھیک ہیں اس وقت لاکھوں مہاجرین سکولوں،فٹ پاتھوں اور کھلے آسمان تلے پڑے بارش میں بھیگ رہے ہیں۔

Pakistan

Pakistan

میں ان کی مکمل آبادکاری تک کسی اور جگہ منتقل ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتا آ ج غور کریں پاکستان کے تمام قومی سیاستدانوں کی رہائش محلات جیسی ہیں غیرممالک میں الگ سے اربوں کھربوں کی جائیدادیں ہیں ہمارے ملک میں کسی ایک بھی ارکان ِ اسمبلی کا لائف سٹائل عام آدمی جیسا نہیں پھر بھی وہ عوام سے محبت کے دعوے کرتے نہیں تھکتے شاید آپ میں سے بیشتر لوگ نہیں جانتے ہوں گے کہ ایک ملک کا صدر ایسا بھی ہے جسے روئے زمین پر سب سے زیادہ غریب صدر ِ مملکت کہا جاسکتاہے یہ ملک ہے یورا گوئے۔۔۔ جس کے صدر کا نام ہے”جوسے مو جیکا” جو اپنی تنخواہ12500 ڈالر میں سے اپنی فیملی کے ضروریات کے لئے صرف1200امریکی ڈالر خرچ کرتاہے باقی رقم ہر ماہ غریبوں میں بانٹ دیتا ہے دل پر ہاتھ رکھ کر ایمانداری سے جواب دیں آپ نے ایسا سادہ،غریب یا قناعت پسند صدر دیکھا یا سناہے ہمارے وطن ِ عزیز کے موجودہ یا ماضی کے ادوارمیں ایسی کوئی ایک مثال ہوتو ضرور دوسروںکو بتا دیں۔ ہاں البتہ حکمرانوں کی اختیارات سے تجاوز،کرپشن،لوٹ مار کی عجب عض غضب ناک کہانیاں جابجا بکھری پڑی ہیں۔

خلیفة المسلمین حضرت ِ عمر ِفاروق کا یہ کہنا دجلہ کے کنارے کتا بھی بھوکا مرجائے تو قیامت کے روز عمر اللہ کے حضور جوابدہ ہوگا۔۔۔ انسانیت کا اتنا جامع، مکمل اور بہترین منشورہے کہ یہ انداز ِ حکمرانی دنیا میںجس نے اپنایا کامیاب ہوگیا۔۔ پہلے خلیفة المسلمین حضرت ِ ابوبکر صدیق مدینہ شریف میں کپڑے کے بہت بڑے تاجر تھے آپ نے خلیفہ منتخب ہونے کے بعد اپنا چلتا کاروبار بندکردیا لوگوںنے وجہ پوچھی تو انہوںنے فرمایا خلیفہ بننے کے بعد لوگ میری دکان سے خریداری کرنا زیادہ پسند کریں گے جس سے دوسرے دکانداروںکا معاشی استحصال ہوگا جو مجھے بھی گوارانہیں۔۔۔۔حضرت ِ ابوبکر صدیق نے تو یہاںتک وصیت کی تھی کہ مجھے پرانے کپڑوں میں ہی دفن کردیا جائے نئے کپڑوںکی ضرورت زندہ لوگوںکو زیادہ ہوتی ہے۔

پاکستان کے عام شہری چھوٹی چھوٹی خوشیوںکو ترس رہے ہیں۔۔غربت، بھوک اورمعمولی معمولی باتوںپر دلبرداشتہ ہوکر خودکشیاںکرنے پر مجبورہیں لیکن حکمرانوںکے کان پر سے جون تک نہیں رینگتی اس ماحول میں۔۔۔ ان حالات میں ہمیں اپنے اسلاف یاد آتے ہیں انکی مثالیں دل کوتسکین دیتی ہیں مگر حکمران کچھ حاصل نہیں کرنا چاہتے وہ حال مست اور مال مست کی تفسیر بنے بیٹھے ہیں وہ یہ بھی نہیں سوچتے حضرت عمر بن عبدالعزیز کا طرز ِ زندگی حکمران بننے سے پہلے کیسا تھا اور خلیفہ بننے کے بعد کتنے بدل گئے تھے۔۔۔وہ یہ بھی نہیں سوچتے تین تین چار چار باریاں لینے کے باوجود پاکستان کی حالت اور غریبوں کے حالات کیوں نہیں بدلے ۔۔۔شاید انہیں کچھ سوچنے کی فرصت نہیں ہے۔

اے موج ِ بلا ذرا ان کو بھی
دوچار تھپیڑے ہلکے سے
کچھ لوگ ابھی تک ساحل پر
موجوں کا نظارہ کرتے ہیں

Sarwar Siddiqui

Sarwar Siddiqui

تحریر: ایم سرور صدیقی