ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ہڑتال کی حمایت بڑھنے لگی

Withholding Tax  Against Protest

Withholding Tax Against Protest

لاہور (جیوڈیسک) کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن اورپروگریسو اینڈ لاہور بزنس مین فرنٹ الائنس نے بھی ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف بدھ 9 ستمبر کو ہونے والی ہڑتال میں بھرپور شرکت کا اعلان کر دیا۔

وزیر خزانہ اسحق ڈار کی جگہ کسی اہل آدمی کو وزارت خزانہ کا قلم دان سونپا جائے، حکومت تاجروں کے حقیقی نمائندوں سے مذاکرات کرکے ود ہولڈنگ ٹیکس کا مسئلہ حل کرے، اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو ملک کی بینکنگ انڈسٹری بری طرح متاثر ہو گی۔

ان خیالات کا اظہارپروگریسو اینڈ لاہور بزنس مین فرنٹ الائنس اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمدامجد چوہدری، صدر خالد عثمان اور نائب صدر طاہر ملک نے الائنس کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پروگریسو اینڈ لاہور بزنس مین فرنٹ الائنس کے رہنما عبدالودود علوی، سردار عثمان غنی، راجہ حسن اختر اور کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر مسعود بٹ بھی موجود تھے۔

پروگریسو اینڈ لاہور بزنس مین فرنٹ الائنس کے چیئرمین محمد امجد چوہدری، صدر خالد عثمان اور طاہر ملک نے کہا کہ تاجر دوست حکومت تاجروں کے مسائل حل کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے، وزیراعظم اور وفاقی وزیر خزانہ سے درخواست ہے کہ وہ تاجروں کے حقیقی نمائندوں سے مذاکرات کریں اور ود ہولڈنگ ٹیکس کا مسئلہ حل کریں، اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو ملک کی بینکنگ انڈسٹری بری طرح متاثر ہو گی۔