خواتین پر جنسی تشدد کیخلاف برازیل اور ارجنٹینا میں مظاہرے

Protest

Protest

ریو ڈی جینرو (جیوڈیسک) لاطینی امریکہ کے ممالک برازیل اور ارجنٹینا میں ہونے والے ان مظاہروں کا مقصد خواتین کیخلاف بڑھتے ہوئے جنسی تشدد کے واقعات خلاف آواز اٹھانا تھا۔ ان مظاہروں میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔

مظاہرے میں شریک خواتین نے مطالبہ کیا کہ بڑھتے ہوئے جنسی تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں، اس لئے ایسی قانون سازی کی جائے جس سے ان کا سدباب کیا جا سکے۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ گزشتہ دنوں جنسی تشدد کا نشانہ بننے والی 16 سالہ لڑکی کو فوری انصاف دیا جائے اور اس جرم میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ واضح رہے کہ برازیل میں گزشتہ دنوں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا تھا جس کو سن کر ہی رونگھٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا میں شائع اور نشر ہونے والی رپورٹس کے مطابق برازیل میں نشے میں دھت افراد نے ایک 16 سالہ لڑکی کو اجتماعی جنسی درندگی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اس کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔

ویڈیو نشر ہوتے ہی برازیلی سمیت دنیا بھر کی عوام لرز اٹھی تھی۔ ریپ کا یہ واقعہ ریوڈی جنیرو کے جنوبی علاقے میں پیش آیا تھا۔ عصمت دری کے اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک مہم چل پڑی ہے۔