کارکنوں پر جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں، جلد رہا ہو جائیں گے: فاروق ستار

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) پی آئی بی کالونی میں واقع ایم کیو ایم کے مرکز پر پارٹی رہنماء کنور نوید جمیل کی رہائی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کنور نوید کی طرح متحدہ کے دیگر کارکن بھی جلد رہا ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں ضمانت کیلئے بھاری رقم مانگتی ہیں جس کی وجہ سے کارکنوں کی ضمانتیں نہیں ہو پاتیں، کوئی ایسا طریقہ ہونا چاہئے کہ ضمانت کیلئے پیسے نہ دینے پڑیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیل میں قیدیوں کی تعداد اور بیماریاں بہت زیادہ ہیں، علاج نہیں ہو پاتا۔ جیل میں قیدی انتقال بھی کر جاتے ہیں اور یہ ساری ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے۔

کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ جیل کی صعوبتیں میرے لئے نئی نہیں۔ بائیس اگست کو میں موجود نہیں تھا، اس کے باوجود مجھے ایک سو پچاس دن جیل میں رہنا پڑا اور ضمانت کیلئے تینتالیس لاکھ روپے دینا پڑے۔

اس سے قبل پانچ مقدمات میں ضمانت ملنے پر کنور نوید جمیل ایم کیو ایم کے مرکز پہنچے تو متحدہ رہنماؤں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔