ورلڈ ایتھلیٹکس : کینیا نے 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ میلہ لوٹ لیا

Usain Bolt

Usain Bolt

بیجنگ (جیوڈیسک) 15ویں عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں کینیا نے 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ میلہ لوٹ لیا، دوسری پوزیشن پانے والے جمیکا کو بھی اتنے ہی طلائی تمغے ملے،2017 کا ایڈیشن برطانیہ میں منعقد ہوگا، جس کیلیے ایتھلیٹکس پرچم اختتامی تقریب میں انگلش نمائندے کے سپرد کردیاگیا، یوسین بولٹ ایونٹ میں چھائے رہے۔

انھوں نے 100اور200 میٹر ریس میں اعزاز کا دفاع کیا، آئی اے اے ایف کے نئے صدر سباستین کوئے کھیل میں نئے عہد کی شروعات کیلیے پرعزم ہیں۔تفصیلات کے مطابق کینیا نے بیجنگ میں منعقدہ عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی، اس نے7گولڈز سمیت 16 مجموعی تمغے اپنے نام کیے، 6 سلور اور 3 برانز میڈلز بھی ایتھلیٹس کے نام ہوئے، ، جمیکا نے بھی 7 طلائی تمغے جیت کر دوسری پوزیشن پائی،اس کے ساتھ انھیں 2 چاندی اور 3 کانسی کے تمغے ملے۔

اسٹار یوسین بولٹ نے100اور200 میٹر ریس میں اعزاز کا دفاع کیا، ویمنز 100 میٹر ریس شیلی این فریزر پرائس فاتح بنیں،امریکا نے مجموعی طور پر 18 میڈلز لے کر تیسرا نمبر پایا، اس میں 6 گولڈ، 6 سلور اور6 برانز میڈل شامل رہے۔

برطانیہ نے 4 طلائی تمغوں سمیت 7 میڈلز لے کر چوتھی پوزیشن پائی، ایک سلور اور2 برانز میڈلز بھی انگلش ایتھلیٹس کے نام ہوئے۔ایتھوپیا نے 3سونے،3 چاندی اور2 کانسی کے میڈلز قبضے میں کرتے ہوئے پانچواں نمبر پایا۔پولینڈ نے چھٹی پوزیشن پائی۔