دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار جوش و خروش سے منا رہی ہے

Pope Francis Speech

Pope Francis Speech

لاہور (جیوڈیسک) دنیا بھر میں مسیحی آج حضرت عیسیٰؑ کا یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ ویٹی کن میں کرسمس تقریبات کا آغاز پوپ فرانسس کے خطاب سے ہوا۔

آج دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس منا رہی ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں رات کے بارہ بجنے پر گرجا گھروں میں گھنٹیاں بجائی گئیں اور وہاں موجود لوگوں نے دعائیہ نظمیں پڑھیں۔ مسیحیوں کے مرکز ویٹی کن کے سینٹ پیٹرز بیسلیکا میں پوپ فرانسس نے کرسمس کی مرکزی تقریب سے خطاب کیا۔

پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں دنیا بھر کے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد دی اور حضرت عیسیٰ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی ، تقریب میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ ویٹی کن میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ فلسطین میں حضرت عیسیٰؑ کی جائے پیدائش بیت اللحم کے نیٹویٹی چرچ میں رنگا رنگ تقریبات منعقد کی گئیں۔

گرجا گھر اور ارد گرد کی عمارتوں کو روشنیوں سے سجایا گیا۔ شامی دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے غسانی میں ہزاروں مسیحیوں نے کرسمس ٹری روشن کیا۔ عراق کے دارالحکومت بغداد کے سیکرٹ ہارٹ چرچ میں بھی دعائیہ تقریب ہوئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

بھارت میں نئی دلی، ممبئی، مہاراشٹر اور دوسرے شہروں میں ہزاروں مسیحیوں نے کرسمس کا آغاز گرجا گھروں میں عبادت سے کیا۔ امریکہ، برطانیہ، روس، فرانس، سپین سمیت دنیا بھر میں کرسمس کے حوالے سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔