ٹی 20 ورلڈ کپ : افغانستان نے ہانگ کانگ، زمبابوے نے اسکاٹ لینڈ کو ہرا دیا

Afghanistan Team

Afghanistan Team

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج کھیلے گئے پہلے میچ میں زمبابوے اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں۔ زمبابوے کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، شان ولیم نصف سنچری بنا کر نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں اسکاٹش بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ 8 بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو پائے اور پوری ٹیم 136 کے مجموعے پر ڈھیر ہو گئی، فاتح ٹیم کی جانب سے ولنگٹن مساکاڈزا نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

دوسرے مقابلے میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو 6 وکٹوں سے پچھاڑا، 117 رنز کے تعاقب میں اوپنر محمد شہزاد اور نور علی زردان نے 70 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ افغانستان کے محمد نبی کو عمدہ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔