عالمی فوجی مشقوں میں پاکستانی فوج کی کامیابی

Pak Army

Pak Army

راولپنڈی (جیوڈیسک) برطانیہ میں رواں ماہ ہونے والی ‘کیمبرین پیٹرول’ نامی عالمی فوجی مشقوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس کے دوران آرمی چیف نے ان کی کارکردگی کو سراہا۔

خیال رہے کہ 14 سے 22 اکتوبر تک جاری رہنے والی ان مشقوں میں دنیا کے 122 ممالک کی فوجی ٹیموں نے حصہ لیا تھا اور یہ مشقیں دنیا کی سب سے مشکل ترین فوجی مشقیں سمجھتی جاتی ہیں۔

پاکستانی فوج کے محکمہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کے جوانوں کے ساتھ ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

یہ مشقیں مشکل اور چیلینجنگ ہوتی ہیں جن میں مشن کے حصول میں ٹیم ورک پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔ ہر ٹیم میں آٹھ افراد شامل ہوتے ہیں جو 40 کلو تک وزن اٹھا کر ویلز کے پرپیج پہاڑوں سے گزرتے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ تیسرا موقع ہے جب پاکستانی ٹیم نے کیمبرین پیٹرول میں سونے کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ گذشتہ سال بھی پاکستان نے ان مشقوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

ان مشقوں کا مقصد ٹیم کی تکنیکی صلاحیتوں، قیادت کا امتحان اور قوتِ عزم کے علاوہ خود انحصاری کو پرکھنا ہے۔