ورلڈ ٹی 20؛ ٹیم کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، سابق اسٹارز

Shoaib Akhtar

Shoaib Akhtar

لاہور (جیوڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹرز کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، شعیب اختر کے مطابق بھارتی شہری پاکستانی ٹیم کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں اور والہانہ استقبال کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کے بھارت جانے کے فیصلے کو سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی سراہا ہے۔ محمد یوسف نے کہا کہ قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، ٹوئنٹی 20 طرز کی کرکٹ میں کسی کو فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا، جو میچ کے دن اچھا کھیلے وہی جیتے گا۔

میرے رائے میں بھارت کی کنڈیشنز دبئی سے کافی ملتی جلتی ہیں، پاکستان ٹیم نے ماضی قریب میں یو اے ای میں خاصی کرکٹ کھیلی جس کا فائدہ کھلاڑیوں کو ایونٹ کے دوران بھی ہوگا۔

عبدالقادر نے کہاکہ پاکستان دنیا کی واحد ٹیم ہے جس سے کسی بھی طرح کی کارکردگی کی توقع رکھی جا سکتی ہے، یہ کسی بھی ٹیم سے ہار سکتی اور بڑی سے بڑی سائیڈ کو ہرا بھی سکتی ہے،میں امید کرتا ہوں کہ قومی ٹیم ایشیا کپ کی شکستوں کو بھول کر بلند عزائم کے ساتھ مقابلوں میں شریک ہو گی،اچھی کارکردگی دکھا کر شائقین کے دل جیتنے کی کوشش کرنا چاہیے۔

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہاکہ بھارتی شہری پاکستانی ٹیم کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں اور والہانہ استقبال کریں گے، انھوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان ماضی میں بھی تعلقات کشیدہ ہوتے رہے لیکن کرکٹ مقابلے احسن طریقے سے ہوتے رہے۔

موجودہ صورتحال میں پاکستانی ٹیم کی سیکیورٹی سے متعلق ٹھیک سوالات اٹھائے گئے کیونکہ انتہا پسندوں کی دھمکیاں صرف اسی کو ملی تھیں، خدشات صرف گرین شرٹس کو ہیں تو سیکیورٹی بھی الگ ہونی چاہیے۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ایونٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرے گی، ان کے مطابق ایشیا کپ کی شکست کا زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔