ورلڈ ٹی 20، سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹ سے ہرادیا

W t20 SriLanka vs Afghanistan

W t20 SriLanka vs Afghanistan

کولکتہ (جیوڈیسک) افغان ٹیم ورلڈ ٹی 20 میں اچھا اسکور کرنے کے باوجود مات کھاگئی۔ افغان کھلاڑیوں کا جوش آئی لینڈرز کی مہارت کا مقابلہ نہ کرسکا۔سری لنکا نے تلکارتنے دلشان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 6 وکٹوں سے فتح نام کرلی۔

سری لنکا نے ہدف انیسویں اوور میں 4 وکٹیں کھو کر حاصل کرلیا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں کوالیفائر گروپ کی فاتح ٹیم افغانستان کے کپتان اصغر ستنکزئی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد شہزاد اور نورعلی زدران نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 12 کے اسکورپر شہزاد صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، البتہ کپتان اصغر ایک اینڈ پر ڈٹے رہے انہوں نے نصف سنچری اسکور کی۔

نورعلی نے 20 رنز بنا کر اسکور کو 44 رنز تک پہنچانے میں کپتان اصغر ستنکزئی کا ساتھ دیا، انہیں رنگنا ہیراتھ نے آؤٹ کیا جس کے بعد کریم صادق صفر اور محمد نبی 3 رنز بنا کر پے در پے آؤٹ ہوگئے۔سمیع اللہ شنواری 31 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے انہیں کولاسیکرا نے آؤٹ کردیا۔

اصغر ستنکزئی آؤٹ ہونے والے آخری بیٹسمین تھے جنہوں نے 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔دولت زدران 5 اور نجیب اللہ زدران نے آخری اوور میں 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔تھسارا پریرا نے 3 اور ہیراتھ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے اوپنرز دلشان اور چندی مل نے 41 رنز کی شراکت قائم کی۔ چندی مل 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔افغانستان کے کھلاڑیوں نے بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پریرا اور کاپوگیدیرا کو رن آؤٹ کیا، پریرا نے 12 اور کاپوگیدیرا نے 10 رنز بنائے، تلکارتنے دلشان نے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 83 رنز بنائے، کپتان میتھیوز 21رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ تلکارتنے دلشان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آج دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ دوپہر ڈھائی بجے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جبکہ دوسرا شام 7بجے انگلینڈ اور ساؤتھ افریقا کے درمیان ہوگا۔