یاہو کے 50 کروڑ صارفین کے اکائونٹس کی معلومات چوری

Yahoo

Yahoo

ٹوکیو (جیوڈیسک) ہیکرز نے انٹرنیٹ کمپنی یاہو کے 50 کروڑ صارفین کے اکاؤنٹس کی معلومات چوری کرلیں ۔ کمپنی نے صارفین کو پاس ورڈ بدلنے کا مشورہ دے دیا۔

یاہو اکاؤنٹس استعمال کرنے والے خبردار ہوجائیں ۔ ان کے ای میل ایڈریس ، ٹیلی فون نمبر ، تاریخ پیدائش اور سکیورٹی سوالات و جوابات ہیکرز کے ہتھے چڑھ گئے ہیں۔

یاہو کمپنی کے مطابق 2014 میں ہونے والے ایک سائبر حملے میں 50 کروڑ صارفین کی ذاتی معلومات چوری کر لی گئیں ۔ تاہم صارفین کے کریڈٹ کارڈز کا ڈیٹا بچ گیا۔

ہیکرز کی جانب سے 20 کروڑ اکاؤنٹس کی معلومات بیچنے کی کوشش کے بعد یاہو نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

کمپنی کی جانب سے صارفین کو تجویز دی گئی ہے کہ اگر انہوں نے 2014 سے اپنے اکاؤنٹس کے پاس ورڈ تبدیل نہیں کیے تو وہ انہیں تبدیل کر لیں۔