یمن سے راکٹ حملوں میں سعودی بجلی گھر تباہ

Saudi Power Plants, Destroyed

Saudi Power Plants, Destroyed

یمن (جیوڈیسک) یمن میں باغیوں کی جانب سے داغے گئے راکٹ حملوں کے نتیجے میں سعودی عرب کے سرحدی علاقے نجران میں بجلی کا مرکزی سپلائی سینٹر جل کر خاکستر ہو گیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق نجران میں شہری دفاع کے ترجمان کیپٹن علی بن عمیر الشھرانی نے بتایا کہ جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق دن کے 12 بج کر 40 منٹ پر یمن سے راکٹ حملے کئے گئے جن کے نتیجے میں علاقے میں بجلی سپلائی کرنے والے مقامی بجلی گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔

آتش زدگی سے کئی ٹرانسفارمر جل کر خاکستر ہوگئے اور علاقے کو بجلی کی ترسیل بند ہوگئی تاہم شہری دفاع کے عملے نے فوری امدادی آپریشن کرکے آگ پر قابو پالیا تھا۔

سعودی پریس ایجنسی ’واس‘ کے مطابق راکٹ حملوں سے بجلی گھر کونقصان پہنچا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔
حکام نے بجلی کی بحالی کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر کام شروع کردیا ہے۔ توقع ہے کہ آج دن کو بجلی بحال کردی جائے گی۔