یمن میں اتحادی افواج کی کارروائی، القاعدہ کے 800 شدت پسند ہلاک

Yemen Blast

Yemen Blast

صنعا (جیوڈیسک) سعودی اتحادی افواج کی یمن کے جنوب میں کارروائی کے دوران القاعدہ کے 800 شدت پسندوں ہلاک ہوگئے جب کہ افواج نے یمن کے شہر مکلہ کا کنٹرول بھی دوبارہ حاصل کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک سال سے دہشت گردوں کے قبضے میں موجود یمن کے جنوبی شہر مقالا میں کارروائی کے دوران سعودی اتحادی افواج نے شہر کو شدت پسندوں کے قبضے سے چھڑا لیا جب کہ کارروائی کے دوران القاعدہ کے 800 شدت پسندوں بھی ہلاک ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق مکلہ کے مقامی افراد نے شہر میں کئی مقامات پرلڑائی کے ساتھ شدت پسندوں کے شہر سے نکلنے کی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 13 مہینوں سے حکومتی فورسزاور شدت پسندوں کے درمیان لڑائی جاری ہے تاہم سعودی، یمنی اور متحدہ عرب امارت کی افواج نے شہر پر دہشت گردوں کا قبضہ چھڑانے کے لیے آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ گزشتہ ایک سال سے جاری لڑائی میں 6 ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں اور کئی افراد علاقے سے ہجرت کرگئے ہیں۔