یونس خان نے چیئرمین پی سی بی سے معافی مانگ لی، پاکستان کپ کھیلنے پر رضامند

Younis Khan

Younis Khan

لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹر یونس خان نے چیئرمین پی سی بی کو فون کر کے اپنے رویئے پر معافی مانگ لی جب کہ وہ پاکستان کپ کے بقیہ میچز کھیلنے پر بھی رضامند ہوگئے ہیں۔

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اور سابق کپتان یونس خان نے پاکستان کپ میں اپنے رویئے پر پی سی بی سے معافی مانگ لی۔ ذرائع کے مطابق یونس خان نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا فون کرکے معافی مانگی جب کہ شہریار خان نے یونس خان کو پاکستان کپ کھیلنے کی ہدایت کی جس پر سابق کپتان نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایونٹس کے بقیہ میچز میں حصہ لیں گے۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ چیرمین پی سی بی کا مشیر ہونے کے ناطے یہ میری ذمہ داری تھی کہ میں اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے کر اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتا جو میں نہیں کرسکا۔
دوسری جانب شہریار خان نے بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان کو ایسا ہرگز نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ اس بات کا کسی کو بھی حق حاصل نہیں کہ وہ امپائرز، ریفری اور بورڈ کے اختیارات کو چیلنج کرے اور اگر یونس خان کو کوئی مسئلہ تھا تو انہیں مجھ سے بات کرنی چاہیے تھی۔

واضح رہے یونس خان پاکستان کپ میں پشاور کی نمائندگی کررہے تھے لیکن ایک میچ میں امپائرنگ کے تنازع کے باعث ان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا جس پر وہ پاکستان کپ چھوڑ کر کراچی چلے گئے تھے جب کہ بورڈ نے بھی ان کے خلاف ایکشن لیا تھا۔