نوجوانوں کے لئے بہتر اخلاق اور انسانی اقدار کا حامل ہونا لازمی ہے۔ محمد اسلم فاروقی

Aslam Farooqi

Aslam Farooqi

نظام آباد : اچھے اخلاق انسانیت کا زیور ہیں اور نوجوانوں کے لئے لازمی ہے کہ وہ دور حاضر کے بگڑتے ماحول میں بہتراخلاق اور انسانی قدروں کی پاسداری کرتے ہوئے مثالی انسان بنیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ اخلاق انسانی برتائو اور طرز عمل کا نام ہے اور ہمیں اچھے اخلاق اپنے مذہب’سماج اور قانون کے اصولوں پر چلنے سے ملتے ہیں۔

اسلام دین فطرت ہے اس کے سارے اصول اچھے اخلاق کی تربیت دیتے ہیں اور ہمارے سامنے دنیا کے سب سے اچھے مثالی انسان حضرت محمد مصطفی ۖ کی ذات اقدس ہے جو سراپا اخلاق کا اعلیٰ نمونہ ہیں اور آپۖ کے اخلاق قران پاک کی عملی تفسیر ہیں ۔ اس لئے ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا کریں جیسا صحابہ کرام رضی اللہ عنہ نے عمل کرتے ہوئے اللہ کے پسندیدہ بندے بن گئے تھے۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج گورنمنٹ کالج نظام آباد نے تلنگانہ اقامتی جونیر کالج ناگارام نظام آباد کے طلباء سے ” اخلاقیات اور انسانی قدریں” موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انٹر میڈیٹ کے نصاب میں شامل اس خصوصی پرچے کی عملی تربیت کے پیش نظر اس لیکچر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ انسان سماجی حیوان ہے وہ سماج میں تنہا نہیں رہ سکتا۔ گھر’اسکول’ کالج اور سماج میں انسان کے برتائو کو پرکھا جاتا ہے۔

مذہب اچھے اخلاق پیش کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور مذہبی تعلیمات پر انسان خود سے عمل کرتا ہے اور برائیوں سے بچتا ہے انہوں نے کہا کہ نوجوان اس بات کو یاد رکھیں کہ اللہ انہیں ہر حال میں دیکھ رہا ہے اور دو فرشتے ان کے نامہ اعمال لکھ رہے ہیں تو وہ برائیوں سے از خود بچے رہیں گے۔ گھر میں والدین اسکول میں اساتذہ اور سماج میں بزرگ اور بڑے لوگ نوجوانوں کو بہتر اخلاق کے نمونے کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ طلباء وقت کی تنظیم کا خیال رکھیں۔

روزانہ کی بنیاد پر اپنے چھوٹے چھوٹے مقاصد کو حل کریں۔ انٹرنیٹ اور فون کا استعمال اساتذہ اور والدین کی نگرانی میں حصول تعلیم کے لئے ہو۔ طلباء بری صحبتوں کو ترک کریں۔ صحت مند اور متوازن غذا استعمال کریں۔ اقامتی اسکول میں تعلیم کے ساتھ کھیل کود اور دیگر سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا موقع ملتا ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے طلباء اپنے مستقبل کی راہیں طے کریں۔ طلباء کو چاہئے کہ وہ ماحول کو پاک و صاف رکھنے کی کوشش کریں اور یہ عہد کریں کہ و ہ زندگی میں اپنے حصے کی آکسیجن کی حصول کے لئے ایک پیڑ ضرور لگائیں گے۔

اس لیکچر کے بعد کالج کے طلباء نے سوال جواب کے ذریعے معلومات حاصل کیں۔ کالج پرنسپل جناب خواجہ معین الدین صاحب ‘لیکچرر اردو محمد عبدالبصیر’ دیگر لیکچررز سلیم صاحب’ مبین صاحب ‘ جمیل صاحب اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور طلباء کی اخلاق سازی کے ضمن میں مفید مشورے دئے۔

Aslam Farooqi

Aslam Farooqi