زلمی سٹار مارلن سیموئلز کی پاک آرمی میں شمولیت کی خواہش

Marlon Samuels

Marlon Samuels

لاہور (جیوڈیسک) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں مارلن سیموئلز نے کہا ہے کہ وہ ”دل سے پاکستانی“ ہیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ پاک فوج کا حصہہ بنیں۔ اپنے پیغام میں سیموئلز نے کہا کہ ”میرے لیے پی ایس ایل فائنل کھیلنے کیلئے پاکستان جانا صرف کرکٹ کھیلنے سے کہیں بڑھ کر تھا۔

کرکٹ کے ذریعے پاکستانی عوام کے اداس چہروں پر مسکراہٹ لانا میرے نزدیک ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو میں سٹار کھلاڑی نے کہا ہے کہ میں دل سے پاکستانی ہوں، اس لیے مجھے پاکستان جا کر پی ایس فائنل کھیلنے کا فیصلہ کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگی“۔

اپنے ویڈیو پیغام میں مارلن سیموئلز نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل، میری شدید خواہش ہے کہ میں پاکستان آرمی کا حصہ بنوں اور جلد اپنے کاندھوں پر پاک آرمی کے بیجز دیکھنے کا متمنی ہوں۔

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی نے سیکیورٹی انتظامات کی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حکام نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو ہر طرح سے خیال رکھا۔ پی ایس ایل فائنل کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات ٹاپ کلاس تھے۔ مارلن سیمیوئلز نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ضرور ہوگی اور میں جب تک زندہ ہوں، پاکستان کا دورہ کرتا رہوں گا۔

مارلن سیمیوئلز کے ویڈیو پیغام کا جواب دیتے ہوئے پشاور زلمی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ”آپ کے سنہری الفاظ دنیا کیلئے پیغام ہیں کہ پاکستانی پرامن عوام ہیں جو کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ آپ دلوں کے چیمپئن ہیں“۔