ضرب عضب کی کامیابیوں کا سفر جاری ہے، آرمی چیف کا فاٹا یوتھ فیسٹیول سے خطاب

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فاٹا یوتھ فیسٹول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم میں اس بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی انتہائی قابلِ ستائش اور امن دشمن قوتوں کی شکست ہے، یہ کامیابی قبائلی بھائیوں، پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پوری قوم کی قربانیوں کی بدولت ہے۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ قوم ایک عرصے سے دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہے، ضربِ عضب کی صورت میں اس جنگ میں ہماری کامیابیوں کا سفر جاری ہے اور ان کامیابیوں میں پاک فوج کو پوری قوم کی تائید اور حمایت حاصل ہے۔

پاک چین اقتصادی راہدری کے متعلق بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کہ یہ راہداری، افواج، قوم اور فاٹا کے بہادر عوام کی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آ چکی ہے، ضرب عضب کی صورت میں کامیابیوں کا سفر جاری ہے اور پائیدار امن کے حصول کے لئے یہ سفر قبائلی علاقوں اور ملک کے دوسرے حصوں میں جاری رہے گا۔

جنرل راحیل شریف نے خیبر ایجنسی میں کرکٹ سٹیڈیم کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں بھی ایک جدید سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے نوجوان اپنی بے پناہ قابلیت کا لوہا نہ صرف ملک بلکہ بیرونِ ملک بھی منوا چکے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ بہتر مواقع ملنے کی وجہ سے ان کی صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ نہ صرف آپ قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے بلکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار بھی ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ انشاء اللہ افواج پاکستان آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گی۔