آصف زرداری وطن واپسی کیلیے آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کا انتظار کر رہے ہیں، ذوالفقار مرزا

Zulfiqar Mirza

Zulfiqar Mirza

بدین (جیوڈیسک) سابق وزیر داخلہ سندھ اور پیپلز پارٹی کے منحرف رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ آصف زرداری جنرل راحیل شریف کے ریٹائر ہونے کا انتظار کر رہے ہیں ان کے سبکدوش ہوتے ہی وہ وطن واپس آجائیں گے۔

بدین میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ جب تک پیپلز پارٹی عوامی جماعت تھی وہ بھی پارٹی کے ساتھ تھے لیکن جب پیپلز پارٹی نے سندھ کی فروخت شروع کی وہ ان کے خلاف کھڑا ہوگئے۔ آصف علی زرداری اپنے بیان کی وجہ سے ملک سے باہر ہیں اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ریٹائر ہونے کا انتظار کررہے ہیں جیسے ہی وہ سبکدوش ہوں گے سابق صدر بھی ملک میں واپس آجائیں گے۔

ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ بھی اردو بولنے والوں کی کافی بڑی تعداد موجود ہے جنہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے پہلے ہی تجویز دی تھی کہ ایم کیو ایم میں موجود اچھے لوگوں کو الگ کردیا جائے، مصطفیٰ کمال کی اوران کے ساتھیوں کی ایم کیو ایم سے علیحدگی خوش آئند ہے، اگر مصطفیٰ کمال ایسے ہی رہے تو ان کا مستقبل روشن ہے اور اگر انہوں نے بھی قوم سے غداری کی تو ان کا حشر بھی قائد ایم کیو ایم جیسا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال الطاف حسین کی پرانی پریس کانفرنس سن کر ان میں سے اہم نکات نکال کر بولتے ہیں، اس لئے مجھے بھی اچھا لگتا ہے۔