دورہ زمبابوے: ٹیم منیجر کے تقرر کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہ ہوسکا

Intikhab Alam

Intikhab Alam

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے زمبابوے روانگی میں 2 روز باقی رہ گئے، لیکن تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے منیجر کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔

نوید اکرم چیمہ نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا چیئرمین مقرر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر کی ذمہ داریوں سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا اور کیمپ میں کھلاڑیوں سے الوداعی ملاقات کی۔

چیئر مین شہریار خان نے میڈیا کو بتایا کہ منیجر کا اعلان پیر کو کر دیا جائیگا ۔ انتخاب عالم کو منیجر بنانے کا فیصلہ ہو چکا ہے، نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوید اکرم چیمہ نےاپنی حلف برداری کی تقریب جلد منعقد ہونے کی وجہ سے منیجر کی ذمہ داریوں سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔

اب تک چونکہ حلف داری کی تقریب منعقد نہیں ہو سکی ،اس لیئے آخری ٹور کے لیئے منیجر شپ جاری رکھنے کے خواہش مند نظر آرہے ہیں اور اس معاملے کی وجہ سے نوٹیفکیشن کا معاملہ لٹکا ہوا ہے۔