آفاق احمد ایم پی او کے تحت ایک ماہ کیلئے نظر بند

afaq ahmed

afaq ahmed

کراچی میں دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ کر دیا گیا جبکہ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کو ایک ماہ تک نظر بند رکھنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی میں دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت جلسے ، جلوس اور ریلیوں پر پابندی ہو گی ۔ اس کے علاوہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ آفاق احمد کو ایم پی او کے تحت مزید ایک ماہ کیلئے ملیر جیل میں نظر بند رکھا جائے گا۔
اس سے قبل آج آفاق احمد کی ممکنہ رہائی کے پیش نظر کارکنان کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لئے لانڈھی جیل کے باہر جمع تھی ۔ یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ اور دیگر عدالتوں نے مختلف مقدمات میں آفاق احمد کی ضمانت منظور کر کے ان کی رہائی کے احکامات جاری کر دیئے تھے اور آج ان کی رہائی کا امکان تھا تاہم صوبائی حکومت نے ایک ماہ کیلئے مزید نظر بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔