احمد چیمہ کیس میں اہم پیش رفت، نیب نے ملزم کی چھپائی گئی بھاری رقم برآمد کر لی

Ahmed Chima

Ahmed Chima

لاہور (جیوڈیسک) نیب کو ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر احد چیمہ کے خلاف کیس میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے جب کہ نیب نے ایک شوروم میں کارروائی کرکے ملزم کی جانب سے چھپائی گئی ایک کروڑ 45 لاکھ کی رقم برآمد کر لی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق احمد چیمہ کے خلاف کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، نیب تفتیشی افسران نے جیل روڈ پر واقع لاہور کے معروف کار ڈیلر کے شو روم پر چھاپہ مارا جہاں سے ملزم احد چیمہ کی جانب سے چھپائی گئی ایک کروڑ 45 لاکھ کی نقد رقم برآمد ہوئی۔ نیب نے شوروم سے ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر کی ملکیت پراڈو گاڑی بھی برآمد کی جس کی مالیت 1 کروڑ 10 لاکھ کے قریب ہے۔

نیب کو تمام تر معلومات ملزم احد چیمہ کے لیپ ٹاپ اور موبائل ریکارڈ سے ڈیلیٹ کی گئی ای میلز کی ریکوری کے ذریعے حاصل ہوئیں اور دوران تحقیقات ملزم احد چیمہ کے ڈیلر سے خفیہ روابط اور مالی معاملات کے شواہد حاصل ہوئے، کیس میں مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہے جس میں مزید پیش رفت کے امکانات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب لاہور ملزم احد چیمہ کے غیرقانونی اثاثہ جات کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر احد چیمہ کو آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں احتساب عدالت لاہور کی جانب سے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔