اداروں سے ٹکراؤ کے حامی نہیں، احتساب کے نام پر نشانہ بنایا گیا: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق، پنجاب ہاؤس میں نواز شریف اور چودھری نثار کی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور میاں نواز شریف کی بدھ کو لاہور روانگی کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ چودھری نثار نے نواز شریف کو لاہور روانگی کے حوالے سے تیاریوں پر بریف کیا۔

دریں اثناء، ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف سے پنجاب ہاؤس میں سیاسی و عوامی حلقوں کی سرکردہ شخصیات کی ملاقاتیں جاری ہیں۔ لیگی رہنماؤں اور کارکنوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کارکنوں کے اصرار پر جی ٹی روڈ سے لاہور جانے کا فیصلہ کیا، عوام نے ہمیشہ مجھ سے والہانہ محبت کا اظہار کیا، عوام نے مسلم لیگ ن کو بھرپور مینڈیٹ دیا۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ہم اداروں کے ساتھ ٹکراؤ کے حامی نہیں، جو سلوک میرے ساتھ ہو رہا ہے، ماضی میں کسی کے ساتھ نہیں ہوا، جمہوریت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، احتساب کے نام پر مجھے اور شریف خاندان کو نشانہ بنایا گیا، ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو جرم کیا ہی نہیں اس کی سزا بھی دے دی گئی۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ن لیگ پہلے کی طرح آج بھی متحد ہو کر میرے ساتھ کھڑی ہے، پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ نواز شریف سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے تاجروں نے بھی ملاقات کی۔

ادھر، وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وزارت اطلاعات کا قلمدان دوبارہ سنبھالنے پر مریم اورنگزیب کو مبارکباد دی اور وزیر اطلاعات کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق، نواز شریف نے منصوبوں کی تشہیر اور جماعت کا مؤقف اجاگر کرنے پر مریم اورنگزیب کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت کے اچھے اقدامات کی عوام میں تشہیر کی جائے۔ وزیر اطلاعات نے اعتماد کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

میاں نواز شریف سے دانیال عزیز، حنیف عباسی اور نجمہ حمید نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں نواز شریف کی لاہور روانگی کے معاملے پر گفتگو کی گئی۔

ادھر، راولپنڈی اور اسلام آباد ڈویژن کے ارکان اسمبلی اور لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی۔ ارکان اور نمائندوں نے نواز شریف سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے وزیر اعظم نواز شریف کے نعرے لگائے۔ ارکان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام نے اس فیصلے کو نہیں مانا، پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

ارکان نے نواز شریف سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فخر ہے ہمارے قائد پر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ لیگی رہنماؤں نے بھرپور نعرے بازی کرتے ہوئے کہا، قدم بڑھاؤ نواز شریف، ہم تمہارے ساتھ ہیں ۔ قائدین نے نواز شریف سے کہا کہ آپ کے پاس پاکستان کی عوام کا مینڈیٹ ہے اور کوئی بھی آپ سے یہ حق نہیں چھین سکتا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اس ملک کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا، یہ ملک میرا ہے، اس کی خوشحالی کیلئے کام کرتا رہوں گا۔ نواز شریف نے کہا کہ کارکنوں کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔ لیگی کارکنان بولے، آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں بستے رہیں گے، جی ٹی روڈ سے لاہور جانے پر آپ کے شکرگزار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا وزیر اعظم صرف وہ ہے جسے ہم نے ووٹ دیا۔

نواز شریف نے کارکنان سے کہا کہ میری 3 نسلوں سے ڈیڑھ سال کے بے رحمانہ احتساب کے باوجود ایک پائی خوردبرد ثابت نہیں ہوئی، یہی ایمانداری کا سرٹیفکیٹ لے کر عوام کے پاس آ رہا ہوں، عوام کی محبت اور جذبہ میرا سرمایہ ہے، کسی کرسی کی کوئی خواہش نہیں مگر ناانصافی کے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ مقدمہ ایک بیٹے کے پیسے بھیجنے پر چلایا گیا اور نااہلی دوسرے بیٹے سے ڈیڑھ لاکھ نہ لینے پر ہوئی۔