اسلام آباد میں چار دہشتگرد پکڑے ہیں۔ وزیر داخلہ رحمان ملک

Malikاسلام آباد :  وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے گرفتار چار دہشت گردوں کا سرغنہ خلیل الرحمان پمز اور دیگر پبلک مقامات کو نشانہ بنا نا چاہتا تھا اور اس نے خیبر ایجنسی میں 62 سکول اڑائے۔
اسلام آباد میں ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو سٹیشن کی دوسری سالگرہ کے موقع پر تقریب اور بعد میں بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان میں حساس ادارے پر حملے میں بھی یہ ملزم ملوث رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مالک مکان کرایہ پر گھر دینے سے قبل ہوشیاری سے کام لیں اور کرایہ دار کے بارے میں پولیس کو آگاہ کریں۔
رحمن ملک کا کہنا تھا کہ وہ جب بھی لشکر جھنگوی کا نام لیتے ہیں تو پنجاب میں مسلم لیگ نواز کے ایک رہنما کو نہ جانے کیوں تکلیف ہو تی ہے۔انہوں نے کہا کہ لشکر جھنگوی کے خلاف جنگ پر اپنی سیاست نہ چمکائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاہم اس کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔
رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ اس مذہبی اجتماع کی قدر کرتے ہیں اور انہوں نے اس اجتماع کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اسلام آباد میں ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو سٹیشن میں ایک شکایات سیل بھی قائم کرنے کا اعلان کیا ۔انہوں نے ہدایت کی کہ اس ریڈیو اسٹیشن نے عوام میں قانون سے آگاہی پیدا کرنے کے پروگرام بھی پیش کئے جائیں۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔