افغانستان میں قیام امن کیلئے کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم گیلانی

Gilani

Gilani

اسلام آباد : وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا سے باہمی احترام اور واضح حدود پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔افغانستان میں قیام امن کے لئے کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پاکستان امریکا سے اچھے تعلقات چاہتاہے۔وزیر اعظم نے خیال ظاہر کیا کہ اس کام میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ تاہم یہ تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہونے چاہئیں اور تعلقات کی واضح حدود بھی متعین ہونی چاہیے۔ وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے فروغ کے ساتھ ساتھ نیٹو، امریکا اور ایساف کے ساتھ تعاون کا نئے سرے سے جائزہ لینا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم گیلانی کا کہنا تھاکہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا کردار نبھائے گا۔ افغانستان میں قیام امن کے لئے سب سے زیادہ قربانی پاکستان نے دی۔ وزیر اعظم گیلانی نے بتایا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے ایک طریقہ کار وضع کرلیا گیا ہے اور اس معاملے پر پاکستان تعاون کیلئے تیار ہے۔ وزیر اعظم گیلانی نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ جوہری تعاون کے معاملے پر امریکا پاکستان سے بھی بھارت جیسا تعاون کرے۔