افغانستان میں نیٹو افواج کے تین فوجی ہلاک

AFGHANISTAN

AFGHANISTAN

افغانستان میں تعینات نیٹو افواج نے کہا ہے کہ ملک کے جنوب میں تشدد کے مختلف واقعات میں اس کے تین فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔بیان کے مطابق دو فوجی اتوار کو جنوبی افغانستان میں بم حملوں میں ہلاک ہوئے جب کہ ایک فوجی ہفتہ کو عسکریت پسندوں کے حملے میں مارا گیا۔ تاہم ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شہریت یا ان کے بارے میں دیگر تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔رواں ماہ افغانستان میں عسکریت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے نیٹو فوجیوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے جب کہ اس سال ملک میں بین الاقوامی افواج کے 429 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔دریں اثنا افغانستان کی وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان سکیورٹی فورسز اور نیٹو افواج نے ہفتہ اور اتوار کو ملک کے 12 مختلف صوبوں میں کارروائی کر کے 49 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔ ان کارروائیوں میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ 25 عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔